پروفیسر نے کہا کہ یہاں میں آپ کے نوٹس میں امتیازی سلوک کا ایک معاملہ لانا چاہوں گی جس سے مجھے حال ہی میں گزرنا پڑا ۔ موسم گرما کی چھٹیوں کے بعد جب میں نے کالج جوائن کیا تو میں نے کرایہ پر ایک فلیٹ لیا اور اس میں اپنی ماں کے ساتھ رہنے کے لئے پیشگی ادائیگی کی ۔ انہوں نے کہا کہ جس دن میں اپنے تمام سامان کے ساتھ فلیٹ میں جانے والی تھی، اس دن مکان مالک نے مجھے یہ کہہ کر مکان دینے سے انکار کر دیا وہ اپنا فلیٹ کسی مسلمان کو نہیں دے سکتے ۔ یہ میرے لئے ایک ٹھیس پہنچانے والا تجربہ تھا ۔ پروفیسر نے کہا کہ اس طرح کے امتیازی سلوک سے انہیں تب کبھی نہیں گزرنا پڑا جب انہوں نے آٹھ سال تک حیدرآباد میں تعلیم حاصل کی
سی او مہاراج گنج پر شہ زور نے چلائی گولی
ملزم کو سی او اور دیگر پولیس اہلکاروں نے موقع سے پکڑا
لکھنؤ۔26جولائی(فکروخبر/ذرائع )شہر میں شہ زوروں کا حوصلہ اتنا بلند ہوتا جارہا ہے کہ اب معمولی سی بات پر شہ زور پولیس افسرپر گولی چلا دے رہے ہیں۔ جمعہ کی شام سرکاری کام سے لوٹ رہے مہاراج گنج میں سی او پربھات کمار پر انووا سوار لوگوں نے پی جی آئی علاقے میں گولی چلادی ۔ سی او نے اپنے گنر کے ساتھ کسی طرح انووا سوار ایک شہ زور پکڑ لیا اور اطلاع پولیس کو دی۔ موقع پر پہنچی پی جی آئی پولیس نے ملزم کو گرفتارکرلیا ہے۔ اور اس کے ساتھیوں کی تلاش میں مصروف ہے۔ سی او کینٹ ہریندر کمار نے بتایا کہ مہاراج گنج ضلع میں تعینات سی او پربھات کمار جمعہ کو سرکری کام سے لکھنؤ آئے تھے۔ شام کو وہ اپنی سرکاری گاڑی سے ڈرائیوراور گنر کے ساتھ واپس مہاراج گنج لوٹ رہے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ جیسے ہی پی جی آئی کلی مغرب پہنچے ویسے ہی پیچھے سے آرہے ایک انووا سوار لوگوں نے ان کی گاڑی کو اوور ٹیک کرنے کی کوشش کی۔ گاڑی کو اوور ٹیک کرنے کے سلسلے میں انووا سوار لوگ بھڑک اٹھے ان پر لوگوں نے سی او پربھات کمار کی سرکاری گاڑی کو روک لیا اور بدسلوکی کرنا شروع کردی۔ سی او ، ان کے ڈرائیور اور گنر نے جب اس بات کی مخالفت کی اس درمیان انووا سوار جگت کھیڑا باشندہ بجرنگی یادو نے اسلحہ نکالااور گولی چلادی۔ اتفاق سے گولی کسی کو نہیں لگی اس پر سی او اور ان کے ساتھ موجود پولیس اہلکاروں نے بجرنگی یادو کو پکڑلیا ۔ سی او نے فوراً اطلاع پولیس کنٹرول روم پر دی۔ وہیں خود کو پھنستا دیکھ کر بجرنگی یادو کے ساتھی وہاں سے بھاگ کھڑے ہوئے سی او پر فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی پی جی آئی پولیس موقع پر پہنچ گئی ۔ پولیس نے ملزم بجرنگی یادو کو گرفتار کرلیا۔ اس معاملے میں اس کے خلاف پی جی آئی کوتوالی نے کئی سنگین دفعات میں رپورٹ درج کی گئی ہے۔ پولیس اب ملزم کے باقی ساتھیوں کی تلاش میں مصروف ہے۔ سی او کینٹ نے بتایا کہ اس معاملے میں بجرنگی یادو کے ساتھیوں کو بخشانہیں جائیگا۔ انہوں نے بتایا کہ پکڑے گئے ملزم کے خلاف پہلے بھی کچھ مجرمانہ درج ہیں۔ ذرائع کے مطابق بجرنگی یادو کے پکڑے جانے پر کئی رسوخ والوں کے فون پر پیروی کیلئے بھی پولیس کے پاس آئے اور پولیس نے کسی کی نہیں سنی۔
بلہور پولیس نے گاڑی چوروں کا پردہ کیا فاش
چوری کی دو موٹر سائیکل سمیت دو چور گرفتار،طمنچہ برآمد
کانپو۔26جولائی(فکروخبر/ذرائع) بلہور پولیس کو بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ پولیس نے گاڑی چیکنگ کے دوران دو شاطر گاڑی لٹیروں کو گرفتار کیا ہے۔ جن کے پاس سے چوری کی دو موٹر سائیکل اور طمنچہ سمیت زندہ کارتوس برآمد کی گئی۔ پولیس نے ملزم کے خلاف کارروائی کرکے جیل بھیج دیا ہے۔ شہر میں جرائم کی واردات کو روکنے کیلئے ایس ایس شلبھ ماتھر نے تھانہ انچارجوں کو گاڑی چیکنگ مہم چلانے کی ہدایت دی ہے۔ جمعہ کی علیٰ الصبح بلہور تھانہ انچارج برجیش کمار یادو نے چوراہوں پر گاڑی چیکنگ مہم چلائی ۔ پولیس کو چیکنگ کرتا دیکھ کر دو موٹر سائیکل سوار نوجوانوں نے موٹر سائیکل موڑ کر پیچھے بھاگنے کی کوشش کی۔ پولیس کو شک ہونے پر ان کا پیچھا کرکے پکڑ لیا گیا۔ پوچھ گچھ کیلئے پولیس نوجوانوں کو تھانہ لے آئی ۔ پولیس نے سختی سے پوچھ گچھ کی توایک اپنا نام اوریا باشندہ گلفام بتایا ۔ اور دوسرے کا نام وپن ہے ۔ پکڑے گئے ملزمین نے اپنے پاس موجود موٹر سائیکل چوری کی بتائی ہے۔ پولیس نے تلاشی کے دوران چوروں کے قبضے سے ایک طمنچہ اور دو زندہ کارتوس برامد کیا ہے۔ تھانہ انچارج نے بتایا کہ پکڑے گئے نوجوان اسٹینڈ میں کھڑی موٹر سائیکل کو چراکر ان کی نمبر پلیٹ بدل کر بازار میں کم قیمت پر فروخت کرتے دیتے تھے۔ فی الحال ملزمین کے خلاف کارروائی کرکے جیل بھیج دیا گیا ہے۔
مشتبہ حالت میں سکیورٹی گارڈ کی موت
کانپو۔26جولائی(فکروخبر/ذرائع ) چکیری تھانہ علاقے میں مشتبہ حالت میں ڈیوٹی کے دوران سکیورٹی گارڈ کی موت ہوگئی۔ پولیس نے پنچ نامہ بھر کر لاش پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دی۔ کنبہ والوں نے معاوضہ کی مانگ لے کر پوسٹ مارٹم ہاؤس میں جم کر ہنگامہ کیا۔ پولیس نے کارروائی کی یقین دہانی دے کر کنبہ والوں کو خاموش کرایا۔ مہاراج پور علاقے میں رہنے والے عبدالصمد خان پرائیویٹ سکیورٹی گارڈ تھا وہ گنیش سکیورٹی ایجنسی میں ملازم تھا۔ کنبہ میں اہلیہ شبانہ اور چار بچے ہیں۔ جمعہ کو ڈیوٹی کے دوران سکیورٹی گارڈ کی پراسرار طور پر موت ہوگئی۔ واردات کی اطلاع ملنے پر پولیسنے لاش کو قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ اور کنبہ کو اطلاع دی ۔ پوسٹ مارٹم ہاؤس پر پہنچے کنبہ والوں نے معاوضہ کا مطالبہ کرتے ہوئے ہنگامہ شروع کردیا۔ ہنگامے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہچی اور مشتعل کنبہ کو خاموش کرایا۔ وہیں چکیری انسپکٹر راجیو دیویدی نے بتایا کہ متاثر کنبہ سے تحریر لے کر معاملے کی جانچ کی جائے گی۔
شادی شدہ خاتون نے آگ لگا کر کی خودکشی
بریلی ۔26جولائی(فکروخبر/ذرائع )شوہر سے ہوئے جھگڑے کے سبب شادہ شدہ خاتون نے خود کو کمرے میں بند کرکے نذر آتش کرلیا۔ اس کے علاج کے دوران موت ہوگئی۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ آنولہ علاقے کے اجودھیا گاؤں کی رہنے والی ۰۳ سالہ چمبیلی دیوی کی گذشتہ شب علاج کے دوران ایک نجی اسپتال میں موت ہوگئی۔ پوسٹ مارٹم ہاؤس پر متوفیہ کے اہل خانہ نے بتایا کہ آنولہ کے ہی امریلی گاؤں کے رہنے والے تلسی رام کی بیٹی چمیلی کی شادی دس برس قبل رام سنگھ سے ہوئی تھی۔ لیکن گذشتہ دس برسوں سے اس کے کوئی اولاد نہیں ہوئی ۔ جس کو لے کر میاں بیوی میں اکثر جھگڑا ہوتا تھا۔ کل شام کو بھی دونوں میں جھگڑا ہواتھا ۔ اس کے کچھ دیر چمیلی نے خود کو کمرے میں بند کرکے مٹی کا تیل ڈال کر آگ لگالی۔
گھر کے لوگوں نے جب کمرے سے دھواں نکلتے دیکھا تو پڑوسیوں کی مدد سے کمرے کا دروازہ توڑ کر چمیلی کے کپڑوں میں لگی آگ کو بجھا کر اسے نازک حالت میں بریلی کے نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا ۔ جہاں کچھ دیر زندہ رہنے کے بعد اس نے دم توڑ دیا۔ مائکے والوں نے کسی پر بھی الزام لگانے سے انکار کیا۔ لاش کو پولیس نے پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔
قومی شاہراہ پر کھڑے ٹرک میں گھسی ماروتی وین
ایک شخص کی موت ، خاتون سمیت نصف درجن افراد زخمی
ہاپوڑ۔26جولائی(فکروخبر/ذرائع )تھانہ ہاپوڑ دیہات علاقے کی قومی شاہراہ ۲۴ واقع منصور پور کٹ پر خراب کھڑے ٹرک نے پیچھے سے ماروتی وین گھس گئی۔ جس میں ڈرائیور اور داماد کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ جبکہ کنبہ کے نصف درجن افراد زخمی ہوگئے۔ موقع پر پہنچی پولیس نے زخمیوں کو راہگیروں کی مدد سے کار سے باہرنکال کر علاج کیلئے سرکاری اسپتال میں داخل کرایا ۔ جہاں دو لوگوں کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔ پولیس نے لاش کا پنچ نامہ بھر کر پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ اطلاع کے مطابق راجدھانی دہلی کے ساگر پور باشندہ حنیف کا کنبہ رہتا ہے۔ ان کے کسی رشتہ دار کی بیٹی کی شادی اترپردیش کے ضلع مرادآباد کے گاؤں ہتھما پور میں طے ہوئی ہے۔ علاقے والوں کے گھر پر منعقد پروگرام میں نعیم کے کنبہ کے لوگ بھی شامل ہونے گئے تھے۔ جمعہ کی صبح سبھی لوگ ماروتی وین سے دہلی لوٹ رہے تھے۔ جب وہ تھانہ ہاپوڑ دیہات میں قومی شاہراہ واقع منصور پور کٹ کے نزدیک پہنچے تو وہاں پہلے سے خراب کھڑے ٹرک میں کار پیچھے سے گھس گئی۔ جس سے نعیم کے داماد ڈرائیور لئیق کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔
معذوربچی کی اجتماعی عصمت دری
سدھارتھ نگر۔26جولائی(فکروخبر/ذرائع ) اترپردیش میں سدھارتھ نگر شہرت گڑھ علاقے میں پولیس نے ایک معذور بچی کے ساتھ اجتماعی عصمت کے معاملے میں تین نوجوانوں کے خلاف معاملہ درج کیا ہے ۔پولیس نے آج یہاں بتایا کہ بگوانہوا گاؤں کی متاثرہ بچی کی شام اپنے دو چھوٹے بھائیوں کے ساتھ رشتہ دار کے گھر سے پیدل لوٹ رہی تھی کہ بان گنگا ندی کے باندھ کے نزدیک موٹر سائیکل سوار نصیر الدین، عرفان اوربادشاہ نے دونوں بھائیوں کو پکڑکر بچی کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کی۔بچی کے شور مچانے پر گاؤں کے لوگ جمع ہوگئے لیکن تینوں نوجوان موقع سے فرار ہوگئے ۔ پولیس معاملہ درج کرکے تینوں ملزمان کو تلاش کررہی ہے ۔
تمام مذاہب ایک خدا کو مانتے ہیں ۔:لنگایت مذہب کے دھرم گرو سوامی بسوالنگا
پریم اور پیار سے ایک دوسرے کی باتوں کو سنیں تو پیار ، بھائی چارہ اور امن وشانتی کی راہ نکل آئے گی
بیدر۔26جولائی (فکروخبر/ذرائع)لنگایت مذہب کے دھرم گرو سوامی بسوالنگا پٹہ دیورونے جماعت اسلامی ہند بیدر کے ’’عید ملن‘‘ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ’’آج سچ مچ خوشی کا دن ہے کہ ہم آپس میں مل بیٹھے ہیں ۔ اور یہی حقیقت ہے کہ ہم سب کاخدا ایک ہے اور تمام مذاہب ایک خدا کو مانتے ہیں ۔ لیکن اگر ہم اپنے دل میں بسے کھوٹ کو ہٹاکر پریم اور پیار سے ایک دوسرے کی باتوں کو سنیں تو پیار ، بھائی چارہ اور امن وشانتی کی راہ نکل آئے گی ۔سکھ مذہب سے تعلق رکھنے والے گیانی درباراسنگھ جی نے عید کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کہاکہ آج دنیا میں مایا کا بول بالا ہے ، سبھی آپس میں جھگڑ رہے ہیں ایسے میں ہمیں مذہبی تعلیمات کی طرف آنا ہوگا۔ بسواشری سدرامیشور شرن بیلداڑجی نے رمضان کے بارے میں بتایاکہ رمضان کا ارتھ ہی پوتر ہے۔ رمضان ہم سب کو ایکتا کا پیغام دیتاہے۔ جبکہ ہم ذات ، دھرم ، بھاشا بھید، غریب امیر کے نام پر الگ الگ زندگی کررہے ہیں ، ضرورت ہے ایکتاکی ۔ اسلام شانتی کی بات کرتاہے ، اسلام میں ہنسا کے لئے کوئی مقام نہیں ہے ۔ موصوف نے کسانوں کی خودکشی کے مسئلہ کو اٹھاتے ہوئے کہاکہ کسانوں کے مسئلہ کو حکومت سمجھے اور کسانوں کاقرض معاف کردے۔ عید ملن کے موقع پر میرایہی پیغام ہے۔ منگلور سے تشریف لائے جناب اسحاق پتور نے تفصیلی طورپر رمضان اور اسلام کے متعلق بتایا۔بودھ دھرم کے شری بھنتے ویرجیوتی جی نے اپنے مختصر خطاب میں کہاکہ ہم سب ایک ہیں اور ہم تمام کو ایک رہنا ہوگا۔ جناب مولوی محمدفہیم الدین سابق رکن مجلس شوری ٰ جماعت اسلامی کرناٹک نے اپنے خطاب میں مختلف امور پر روشنی ڈالی اور کہاکہ دوقطرے توبہ کے آنکھوں سے ٹپک پڑیں تو آسمان سے موسلادھار بارش ہو۔شرنپا مٹور ایم ایل سی نے بھی مختصر ساخطاب کیا۔ بنگلور سے تشریف لائے جناب ایس امین الحسن رکن مرکزی مجلس شوریٰ جماعت اسلامی ہند نے اپنے خطاب میں پیش رو مقررین کے چنندہ خیالات کو بیان کیا۔پھر اسلام میں عید کی اہمیت پر روشنی ڈالی ۔ بعدازاں ملک میں شراب اور سودکی بڑھتی لعنت کو ختم کرنے کے لئے تمام مذہبی گروؤں اور قائدین کو مل جل کر آگے بڑھنے کے لئے آواز دی اورکہاکہ آئیں ہم تمام ملک میں شراب پرپابندی کے لئے آواز اٹھائیں ۔ اسی طرح سو دتمام دنیا کاخون چوس رہاہے۔اس پر پابندی کے خلاف پوپ فرانسیس جو مہم چلارہے ہیں ہم تمام کو اس مہم کا ساتھ دینا ہوگا۔جناب امین الحسن نے وزیراعظم ہند جنا ب نریندر مودی کے بیرون ملک دوروں کو ملٹی نیشنل کمپنیوں کے مفادات کے تحفظ سے متعلق قرار دیتے ہوئے کہاکہ ان دوروں سے عوام کی خدمت نہیں ہورہی ہے۔ دوسر ی جانب گھرواپسی ، لوجہاد اور یوگا کے مسائل اٹھاکر ہندوؤں اور مسلمانوں کو الجھایاجارہاہے۔ سوچھ بھارت یاگنگاکی صفائی جیسی مہمات اور سمارٹ سٹیز کا قیام ملٹی نیشنل کمپنیوں اور ٹاٹا جیسے سرمایہ داروں کے لئے کیاجارہاہے۔ ایک طرف ہم معمولی پیسٹ دانتوں کی صفائی کے لئے خریدتے ہیں تو اس پر ٹیکس لگایاجاتاہے اور جب سرمایہ دارکمپنیوں کو زمین دینے کی بات آتی ہے تو صرف ایک روپیہ ایکڑمیں انھیں زمین فراہم کی جاتی ہے۔ملے جلے اس عید ملن پروگرام میں موصوف نے مسلمانوں سے صاف کہاکہ ہمیں یہاں کے آدیباسی ،ایس سی ایس ٹی اور دیگر اقوام سے محبت ہونی چاہئیے ان کے مسائل کو اپنے مسائل سمجھنا ہوگا۔ اسی طرح ہم ملک سے محبت جہاں کریں وہیں پولیس افسر، وکلاء ،سائنسدان، میڈیا پرسن تیار کریں جو ملک کو ترقی کی طرف لے جائیں ۔ دوسرا اہم کام یہ کرنا ہے کہ ہم اپنا سیاسی وزن محسوس کرائیں۔ پروگرام کا آغاز انجینئر سید عتیق اللہ کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ محمدمعظم امیرمقامی جماعت اسلامی ہند بیدرنے استقبالیہ کلمات کہے۔ جناب محمدرفیق احمدگادگی ناظم علاقہ نے اظہار تشکرکیا۔ شہ نشین پر جناب ڈاکٹرعبدالقدیر سکریٹری شاہین ادارہ جات بید ر، رحیم خان سابق رکن اسمبلی بیدر ،نسیم الدین پٹیل ، مولانا مونس کرمانی صدر تحریک مجلس العلماء ، محمداکرم علی ناظم ضلع جماعت اسلامی ہند بید رموجودتھے۔جبکہ مسلم وغیرمسلم مردوخواتین کی کثیرتعداد اِس تقریب میں دیکھی گئی۔ پروگرام کے بعد تمام طبقات کے افراد نے عید کی مبارک باد دی اور مل جل کر طعام کیا ۔
Share this post
