بھٹکل18؍ جولائی 2023 (فکروخبرنیوز) بھٹکل سے تعلق رکھنے والے ایک نہایت ہونہار اور قابل نوجوان ڈاکٹرسید نورالضحی ابن سید نور الہدیٰ برماور نے نیورو جینیٹکس کے موضوع پر اپنی ایسی تحقیقات پیش کی ہیں جس کو دنیا کے بڑے بڑے سائنسدان قدر کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں، یہ قومِ نوائط کے اولین فرد ہیں جنہوں نے نیورو جینیٹکس پر تائیوان کی شنگوا یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی مکمل کی ہے۔
ڈاکٹرسید نورالضحیٰ نے حال ہی میں اس موضوع پر اپنا گرانقدر مقالہ پیش کرتے ہوئے اپنی پی ایچ ڈی مکمل کی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ان کی تحقیقات پرمغربی ممالک سے تعلق رکھنے والے نامور سائنسدانوں نے حیرت کا اظہار کیا ہے اور اسے اپنے مؤقر اخبارات میں فیچرڈ کور اسٹوری کے طور پر بھی شائع کیا ہے۔ امریکہ کا معروف اخبار ایم بوک اور ڈنمارک کا مشہور اخبار ٹرافک میں کوَر پیچ کے ساتھ ان کی تحقیقات کو جگہ دی گئی ہے۔ ڈاکٹر سید نور الضحیٰ برماور نے فکروخبر کے ساتھ بات چیت میں بتایا کہ اب مزید دو نئے تحقیقی مقالوں پر کام جاری ہے ۔ ڈاکٹرسید نورالضحیٰ برماور نے بتایا کہ ان کی مختلف سائنسی تحقیقات کے منظرِ عام پر آجانے کے بعد دنیا کے کئی ممالک سے ان کے لیے دعوت نامے موصول ہورہے ہیں اور آنے والے دنوں میں مختلف مغربی ممالک کی جانب سے انہیں مدعو کرنے کا بھی عندیہ دیا گیا ہے۔ مانا جارہا ہے کہ ان کے نئے مقالات میں بھی جدید طرز پر تحقیقات سامنے آئیں گی۔
فکروخبر کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے ڈاکٹرسید نورالضحیٰ نے بتایا کہ بچپن ہی سے سائنسدان بننا ان کا خواب تھا جو آج شرمندۂ تعبیر ہورہا ہے۔ ان کی تعلیم کا آغاز نونہال سینٹرل اسکول بھٹکل سے ہوا ، اس کے بعد انہوں نے سیکنڈری تعلیم اسلامیہ اینگلو اردو ہائی اسکول بھٹکل میں مکمل کی، پی یوسی کی تعلیم سینٹ الوشیس کالج منگلور میں مکمل کرنے کے بعد ایس آر ایم یونیورسٹی مدارس سے جنیٹک انجینئرنگ میں بی ٹیک کیا۔ اس کے بعد فرانس حکومت کی جانب سے دی جانے والی اسکالر شپ پر انہوں نے وہاں کی مشہور انسیرم یونیورسٹی میں اپنی ماسٹر کی تعلیم مکمل کرکے ڈگری حاصل کی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ نیورو جینیٹکس پر ان کی جانب سے پیش کی گئی تحقیقات پر انہیں کئی ایوارڈس سے بھی نوازا جاچکا ہے جن میں
1. Muming Poo Outstanding Neuroscience Paper Award
2. Phi Tau Phi award for academic excellence
3. Best research paper award by Tsing Hua University
4. Shen's Culture & Education Foundation Prize for outstanding research contribution.
5. International visiting scholarship (Pilot Program Award) from Office of Global Affairs
6. International Travel Grant by Life Science Department NTHU.
ان کے مطابق ہندوستان میں بہت کم انسٹی ٹیوٹ اس پر کام کررہے ہیں جن میں ممبئی کے ٹی ایف آئی آر ، بنگلور کے آئی آئی ایس سی ، پونہ کے آئی آئی ایس ای آر وغیرہ قابلِ ذکر ہیں۔
ڈاکٹرسید نور الضحیٰ کی اس کامیابی پر بھٹکل کی ممتاز تعلیمی و سماجی شخصیات نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے نور الضحیٰ اور ان کے اہلِ خانہ کو مبارکباد دیتے ہوئے مزید تعلیم میں آگے بڑھنے کی دعائیں دی ہیں۔
ادارہ فکروخبر بھٹکل بھی ڈاکٹر سید نور الضحیٰ برماور کی خدمت میں ہدیۂ تہنیت پیش کرتے ہوئے ان کے تابناک مستقبل کے لیے دعا گو ہے۔
Share this post
