جامعہ اسلامیہ بھٹکل میں انجمن اسلام ممبئی کے صدر جناب ڈاکٹر ظہیر قاضی صاحب کی آمد اور طلبائے جامعہ سے خطاب

بھٹکل 03/ اگست 2019(فکروخبر نیوز) آج یکم ذی الحجہ 1440ھ بعد نماز ظہر متصلاً ڈاکٹر ظہیر صاحب نے طلبائے جامعہ سے خطاب کرتے ہوئے شہر بھٹکل کو مثالی شہر سے تعبیر کرتے ہوئے اسے علم و عمل کا نمونہ قرار دیا،آپ نے فرمایا کہ بھٹکلیوں کا ایمان بڑا پختہ ہے، میں اس سے قبل یہاں ایک دن قیام کرچکا ہوں، میں یہاں کے ماحول کو دیکهنے کے بعد جہاں بھی جاتا ہوں لوگوں سے کہتا ہوں کہ آپ اگر اسلامی معاشرہ دیکهنا چاہتے ہیں تو بهٹکل ضرور جائیں خصوصا جامعہ اسلامیہ بھٹکل ضرور دیکھیے، جامعہ اسلامیہ بھٹکل ایک یونیورسٹی ہے جہاں دین کا صحیح فہم اور دین کو صحیح طور پر سکھایا جاتا ہے،یہ ایک معیاری اور مثالی مدرسہ ہے یہاں کے اساتذہ بھی معیاری ہیں جو دین کا صحیح فہم رکھتے ہیں یہاں ہر طرح کی سہولیات طلبہ کے لیے فراہم کی جاتی ہیں تاکہ وہ مستقبل کے امام و قائد بن کر دنیا کو صحیح راہ دکھانے والے بن جائیں، ڈاکٹر صاحب نے یہاں کے انتظام و انصرام کا جائزہ لینے کے بعد اپنے تاثرات میں یہ بھی کہا کہ یقیناً یہ ایک یونیورسٹی سے کم نہیں ہے، یہاں کی عمارتیں، لائبریری وغیرہ ہر چیز معیاری اور مثالی تو ہے ہی اب اس کو تاریخی بنانا ہے، نیز طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ فراغت کے بعد اولین فریضہ دین کو لوگوں کے سامنے صحیح طور پر رکھنا ہے اس کے لیے حالات سے بھی واقفیت رکھنی چاہیے۔ نیز برادران وطن سے تعلق اور ان کو دین سے متعارف کرنے کی فکر کرنی ہے۔ 
آخر میں کہا کہ میں دنیا کے بہت سے اداروں میں گیا ہوں مدرسہ کے بچوں سے خطاب کرنے کا مجهے موقع ملا یە میرے لیے سعادت کی بات ہے. یە بھی فرمایا کہ پاکیزگی اور سنجیدگی دین کو صحیح طریقہ سے سمجھانے کے ذرائع ہیں جو مجھے یہاں دیکھنے کو ملی۔ اپنے ادارے (انجمن اسلام) کا مختصر تعارف کرتے ہوئے اپنی صحت اور مزید خدمت کی توفیق کے لیے دعا کرنے کی درخواست کی۔

علاقات عامہ 
جامعہ اسلامیہ بهٹکل

Share this post

Loading...