کاروار یکم نومبر 2021 فکروخبر/وارتا بھارتی) ڈاکٹر سمن ڈی پینیکر کو اترا کنڑا ضلع کی پہلی خاتون سپرنٹنڈنٹ بننے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ ایس پی شیوا پرکاش دیوراجو کا گدگ تبادلہ کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر سمن نے اتوار کو ضلع کے ایس پی کے طور پر چارج سنبھال لیا ہے ۔ 2013 بیچ کے ایک آئی پی ایس افسرڈاکٹر سمن کی پچھلی پوسٹنگ کرناٹک پولیس اکیڈمی میں ڈپٹی ڈائریکٹر کے طور پر ہوئی تھی۔ وہ کوڈاگو ضلع کی ایس پی بھی رہ چکی ہیں۔ وارتا بھارتی سے بات کرتے ہوئے ضلعی پولیس کے سربراہ کی حیثیت سے اپنی ترجیحات پرسمن نے کہا کہ وہ ضلع کو سمجھ رہی ہیں کیونکہ خطے میں یہ ان کی پہلی پوسٹنگ ہے اور وہ ضلع میں جرائم کی شرح کو کنٹرول کرنا چاہتی ہیں۔ سمن نے بتایا کہ میں ضلع کو سمجھنے کی کوشش کر رہی ہوں۔ یقینی طور پر توجہ جرائم پر قابو پانے اور یہاں پر امن برقرار رکھنے پر ہو گی۔ میں ذاتی طور پر جرائم کی فائلوں کو دیکھوں گی اور جرائم کی تعداد کو کم کرنے کے لیے ایک منصوبہ تیار کروں گی۔
Share this post
