بھٹکل06؍ جون 2021(فکروخبرنیوز) بھٹکل کے قاضیا خانوادے سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر اسماعیل صاحب گذشتہ کئی دہائیوں سے دبئی میں مقیم ہیں۔ ڈاکٹرکے پیشے سے منسلک یہ شخصیت آج کل سرخیوں میں ہے۔ دبئی حکومت نے یہ سلسلہ شروع کیا ہے کہ وہاں پر رہ کر مختلف شعبہ جات میں اپنی خدمات انجام دینے والے افراد کو وہ گولڈن ویزا فراہم کرتی ہے جس کے تحت ایسے افراد کو خصوصی مراعات حاصل ہوتی ہیں۔ گرچہ وہ وہاں کے شہری نہیں ہوتے لیکن دیگر ویزا کے حامل افراد کے مقابلہ میں گولڈن ویزا ایک طرف مراعات حاصل کرنے کا ذریعہ بھی ہے تو دوسری طرف ایک حکومتی اعزاز بھی۔
ان دنوں دبئی حکومت نے جب بہت سے قابل افراد کو گولڈن ویزا فراہم کی ان میں ایک اہم نام ڈاکٹر اسماعیل قاضیا اور ان کے اہلِ خانہ بھی شامل ہیں۔
خلیج ٹائمز میں شائع خبرکے مطابق ڈاکٹر اسماعیل سن 1982ء میں دبئی آئے، اس وقت ایک امیرکن اسپتال میں وہ ایک اچھے عہدہ پر فائز ہوگئے اوروہاں کی انتظامیہ نے انہیں دوسرے اسپتالوں کے مقابلہ میں پرکشش تنخواہ کی بھی پیش کش کی لیکن انہیں جلد یہ محسوس ہوگیا کہ کرامہ میں ایک کلنک کی ضرورت ہے۔
انہوں نے سن 1984ء میں ڈاکٹر اسماعیل پولی کلنک کے نام سے کرامہ میں ایک کلنک کا آغاز کیا جو جلد ہی وہاں بسنے والوں میں شہرت پایا، خصوصی طور پر برصغیر کے لوگوں میں علاج ومعالجہ کے لیے ایک اہم نام سے پہچانا جانے لگا۔
ڈاکٹر اسماعیل کے کرامہ کے علاوہ مختلف شہروں میں بھی کلنک موجود ہیں جن میں قابلِ ذکر القوز، جبل علی، سونا پور وغیرہ ہیں جہاں وہ بہت ہی رعایتی چارج میں علاج کیا جاتا ہے۔ خصوصاً ان کلنک سے مزدور طبقہ کے افراد زیادہ فائدہ اٹھارہے ہیں۔
ڈاکٹر اسماعیل صاحب کے چار فرزندان ہیں اور ماشاء اللہ چاروں ڈاکٹر ہیں۔ ان کے بڑے فرزند ڈاکٹر محمد داؤد قاضیا ہیں جو معدے کی بیماری کے ماہر ہیں، ان کے دوسرے فرزند ڈاکٹر محمد نوح قاضیا ہیں جوکرامہ میں اپنے والد کے ساتھ اینڈوڈیٹسٹ کے طور پر اپنی خدمت انجام دے رہے ہیں۔ تیسرے فرزند ڈاکٹر شیث قاضیا ہیں جو منگلور کے کنچور میڈیکل کالج میں کام کررہے ہیں ا ور چوتھے فرزند ڈاکٹر یوشع قاضیا ہیں جنہوں نے حال ہی میں اپنی ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کی ہے۔ ڈاکٹر اسماعیل کے اکلوتے داماد ڈاکٹر انس محتشم ہیں جو راشدیہ اسپتال کے رویل ونگ میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
ڈاکٹر اسماعیل اوران کے اہلِ خانہ گولڈن ویزا پر دبئی حکومت کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔
اس خصوصی اعزاز پر ڈاکٹر اسماعیل صاحب اور ان کے اہلِ خانہ کی خدمت میں ادارہ فکروخبر بھٹکل کے صدر مولانا محمد الیاس ندوی، ایڈیٹر انچیف مولانا سید ہاشم نظام ندوی اوردیگر ٹرسٹیان مبارکباد پیش کرتے ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ انسانیت کی اس خدمت کو شرفِ قبولیت سے نوازے اور مزید خدمات کے لیے قبول فرمائے۔ آمین
Share this post
