مرحوم رحمۃ اللہ علیہ کو صاحبِ بصیرت لوگوں نے پہچان لیا تھا : مولانا محمد صادق اکرمی ندوی

جلسہ کی صدارت کررہے محترم مرحوم رحمۃ اللہ علیہ کے معتمد علیہ اور ان سے تقریباً بیاسٹھ سال اپنا اصلاحی تعلق رکھنے والے بھٹکل کی مشہور شخصیت مولانا محمد صادق اکرمی ندوی نے کہا کہ مرحوم رحمۃ اللہ علیہ کو صاحبِ بصیرت لوگوں نے پہچانا ، جس کی سب سے بڑی مثال یہ ہے کہ حضرت مولانا علی میاں ندوی رحمۃ اللہ علیہ اور اس کے بعدسرپرست جامعہ حضرت مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی اس سے ملاقات کرکے خوش ہوتے تھے۔اس کے ساتھ ساتھ مولانا صادق صاحب نے کئی بزرگوں کے واقعات بیان فرماتے ہوئے یہ پیغام دینے کی کوشش کی کہ جس بات کی انہیں فکر تھی وہ بات ہم میں پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ مولانا نے کہا کہ دل کی دنیابنانے پر اس کی قبر اور آخرت بھی بنتی ہے اور مرحوم رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی پوری زندگی اسی چیز کو پیدا کرنے کی کوشش کی ۔ بنگلور سے تشریف لائے ہوئے مولانا مصطفی رفاعی ندوی نے مرحوم کے فرزندان اور اہلِ بھٹکل کی خدمت میں آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ ، ندوۃ العلماء اور آل انڈیا ملی کونسل کی جانب سے تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے عجب اپنے اندر کبھی پیدا نہیں ہونے دیا۔ انہوں نے بڑے بڑے کارہائے نمایاں انجام دئیے لیکن کبھی اپنے اس کام کے پیچھے اپنا نام ظاہر نہیں ہونے دیا۔ مرحوم رحمۃ اللہ علیہ کے بڑے فرزند مولانا شفیع صاحب ملپا قاسمی نے ان کے گھریلو ماحول میں ان کی تربیت کے نمونے اور بزرگوں سے اصلاحی تعلقات کی تفصیلات بیان کیں۔ مہتمم جامعہ مولانا مقبول احمد کوبٹے ندوی نے جامعہ سے ان کا تعلق کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی ان سے ملاقات کی جاتی تو وہ جامعہ کے بارے میں تفصیلات حاصل کرتے اورطلباء کے اندر حسنِ اخلاق پیدا کرنے کی کوششوں پر زور دیتے ۔ اس کے ساتھ ساتھ ناظم جامعہ اسلامیہ بھٹکل جناب ماسٹر شفیع صاحب، جماعت المسلمین بھٹکل کے جنرل سکریٹری مولانا محمد طلحہ رکن الدین ندوی ، خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل کے قاضی مولانا خواجہ معین الدین ندوی مدنی ، مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل کے صدر جناب مزمل قاضیا ، انجمن حامئ مسلمین بھٹکل کے ایڈیشنل سکریٹری جناب اسحاق شاہ بندری ، جماعت اسلامی ہند شاخ بھٹکل کے ذمہ دار مولانا محمد زبیر ندوی ، جامعات الصالحات بھٹکل کے ناظم مولانا عبدالعلیم قاسمی اور دیگر نے بھی اپنے اپنے تأثرات کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی صفات اپنے اندر پیدا کرنے کی ترغیب دلائی۔ نائب قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا عبدالعظیم ندوی کی دعائیہ کلمات پر قریب رات بارہ بجے یہ نشست اپنے اختتام کو پہنچی۔ 

Share this post

Loading...