بھٹکل 22؍ اپریل 2019(فکروخبر نیوز) جے ڈی ایس سربراہ اور سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا نے بھٹکل کا دورہ کرکے یہاں کے لوگوں سے ملاقات کی اور جہوریت کی حفاظت کے لیے سبھوں کو مل کر کام کرنے کی ترغیب دلائی ۔ اس موقع پر انہو ں نے وہاں موجود لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مودی کے اقتدار میں جمہوری سرکاری ادارے محفوظ نہیں ہے اور ہر ایک ادارے میں مداخلت کی جارہی ہے جس کی وجہ سے جمہوریت کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے ۔ ان حالات میں ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ جمہوری اقدار کی حفاظت کے لیے آگے آئیں اور جمہوریت پسند لوگوں کو آگے لاکر انہیں کامیاب کرانے کی کوشش کریں۔انہوں نے کہا کہ ملک کی مختلف ریاستوں میں بی جے پی کو عوام نے سبق سکھایا اور اس مرتبہ امید ہے کہ ملک بھر میں انہیں سبق سکھانے کے لیے عوام آگے آئے گی۔مزید کہا کہ راہل گاندھی کی بڑھتی مقبولیت اس بات کا پتہ دے رہی ہے کہ وہ مودی کا مقابلہ کرنے کے لیے بہر صورت تیار ہیں۔ اترکنڑا حلقہ کے تعلق سے انہوں نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس مرتبہ آنند اسنوٹیکر کی جیت یقینی ہے۔ اس موقع پر جے ڈی ایس کے مقامی لیڈر عنایت اللہ شاہ بندری اور فاروق باوا اور دیگر حضرات موجود تھے۔
Share this post
