بنگلورو 30/ جون 2019(فکروخبر نیوز) سابق وزیراعظم اور جے ڈی ایس سپریمو نے ریاستی کانگریس لیڈران کے بیان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے بیانات سے انہیں بہت تکلیف ہوئی ہے۔دیوے گوڑا نے پارٹی کے نوجوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کا ماننا ہے کہ لوک سبھا انتخابات میں شکست کے ذمہ دار وہ جے ڈی ایس اور کانگریس کے اتحاد کو قرار دے رہے ہیں اور اس طرح کی باتوں سے مجھے تکلیف ہورہی ہے، انہوں نے سوال کرتے ہوئے کہا کہ کیا کلبرگی میں کھرکے کی شکست کے لیے ووکالیگاس کو ذمہ دار ٹہر ا سکتے ہیں؟
دیوے گوڑا کا کہنا ہے کہ کچھ ریاستی کانگریس لیڈران کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ انہو ں نے کانگریس ہائی کمانڈ سے شکایت کی ہے جے ڈی ایس کے ساتھ اتحاد کا فیصلہ غلط ہے، ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ جے ڈی ایس پیچھے سے چھرا گھونپ رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں نے ہمیشہ پسماندہ ذات کے لوگوں اور اقلیتی طبقہ سے جڑے افراد کو مواقع فراہم کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں پارٹی کو مستحکم کرنے کے لیے 1,500 کلو میٹر پڈایاترا نکالنے کا فیصلہ کیا ہے جو 20اگست سے شروع ہونے جارہی ہے اور میں نے پارٹی لیڈران سے اس سلسلہ میں آگے بڑھنے کا مشورہ دیا ہے۔
Share this post
