دار الیاسمین دبئی کی طرف سے منعقدہ اشعار مسابقہ میں بھٹکل کے مولانا طارق اکرمی ندوی نے حاصل کیا پہلا مقام

بھٹکل: یکم ستمبر 2021(فکرو خبر نیوز) دار الیاسمین دبئی کی طرف سے اشعار مسابقہ ڈاکٹر مریم الشناصی 2021(شاخ ہندوستان) میں بھٹکل کے مولانا طارق اکرمی ندوی کو پہلا مقام حاصل ہوا ہے۔

مولانا طارق اکرمی ندوی مولانا صادق اکرمی ندوی نائب صدر جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے چھوٹے فرزند ہیں جنہیں پڑھائی کے زمانہ ہی سے عربی سے بے حد لگاؤ تھا اور زمانہ طالب علمی ہی میں انہوں نے عربی اشعار لکھنے شروع کردئیے تھے اور اپنے اساتذہ کی جانب سے تشجیعی کلمات حاصل کرچکے تھے۔

انہوں نے جامعہ اسلامیہ بھٹکل سے عالمیت اور دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنو سے فضیلت کی تعلیم مکمل کی اور اب مدرسہ خیر العلوم بھٹکل میں بحیثیت استاد اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔

ڈاکٹر مریم الشناصی ہندوستان میں عربی سے دلچپسی رکھنے والوں کو زبان وادب سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔ دار الیاسمین دبئی کی طرف سے منعقدہ اس اشعار مسابقہ کی میزبانی کا سالِ گذشتہ کالیکٹ یونیورسٹی کو شرف حاصل ہوا۔ کورونا وبا کے چلتے نتائج کا اس مرتبہ تاخیر سے اعلان ہونے کی خبر دی گئی ہے۔

کالیکٹ یونیورسٹی میں عربی ڈپارٹمنٹ کے سربراہ ڈاکٹر عباس کی بی کی طرف سے جاری کردہ خط کے مطابق عنقریب شعری نشست منعقد کی جائے گی جس میں جمیع شرکاء کو اسناد اور انعامات سے بھی نوازا جائے گا۔

Share this post

Loading...