دلت ہونے کی وجہ سے سابق وزیر گولی ہٹی شیکھر کو ناگپور آر ایس ایس ہیڈ کوارٹر میں اٹھانی پڑی شرمندگی ، میوزیم میں داخلے سے روک دیا گیا : سابق وزیر کے سنگین الزامات

بیلگاوی 06؍ دسمبر2023 : سابق وزیر اور سابق ہوسدرگا ایم ایل اے گولی ہٹی شیکھر نے منگل 5 دسمبر کو یہ کہتے ہوئے سنگین الزام عائد کیا کہ انہیں ان کی دلت ہونے کی وجہ سے ناگپور میں راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے ہیڈکوارٹر میں ہیڈگیوار میوزیم میں داخلے سے روک دیا گیا تھا۔

بی جے پی کے سابق رکن نے مئی میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں ٹکٹ نہ ملنے کے بعد اپریل میں پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر گردش کرنے والے ایک آڈیو کلپ میں شیکھر نے الزام لگایا کہ عملے کو ان کی ذات کے بارے میں علم ہونے کے بعد انہیں میوزیم میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔ اپنی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے بی جے پی کے قومی سکریٹری (تنظیم) بی ایل سنتوش سے سوال کیا، اور داخلہ سے انکار کے پیچھے وجوہات کی وضاحت کا مطالبہ کیا۔

شیکھر کو یہ کہتے ہوئے سنا گیا کہ کرناٹک میں اسمبلی انتخابات کے اعلان سے تین ماہ قبل میں نے ناگپور میں آر ایس ایس کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا تھا۔ میوزیم کے باہر رجسٹر میں اپنی ذاتی تفصیلات درج کرنے کے باوجود مجھے داخلی دروازے پر روک دیا گیا۔ میوزیم کے عملے نے مجھے واضح طور پر کہا کہ دلت نہیں ہیں۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ میرے دوستوں موہن ویدیا اور منجو کو داخلے کی اجازت دے دی گئی۔

شیکھر نے یہ بھی کہا کہ وہ ایک درج فہرست ذات سے تعلق رکھتے ہیں لیکن ایک قابل فخر ہندو ہیں۔ ستمبر 2021 میں، شیکھر نے کرناٹک اسمبلی میں بات کرتے ہوئے بومئی حکومت پر زور دیا کہ وہ مذہبی تبدیلیوں کو روکنے کے لیے ایک قانون لائے۔ اس نے الزام لگایا تھا کہ اس کے حلقے میں بڑے پیمانے پر تبدیلی مذہب  کا عمل ہو رہا ہے اور ان کی والدہ کو بھی "برین واش" کر کے عیسائی بنایا گیا ہے۔ ضلع انتظامیہ کی تحقیقات نے شیکھر کے الزامات کو غلط ثابت کر دیا۔

بدھ کو شیکھر نے میڈیا کو بتایا کہ ان کا مقصد کسی کو تکلیف دینا نہیں تھا۔ میں نریندر مودی کا مداح ہوں۔ میں آر ایس ایس کا بہت احترام کرتا ہوں۔ میں نے صرف اپنے تجربے کو شیئر کیا جب میں نے دورہ کیا تھا۔ مجھ سے پوچھا گیا ہے کہ آٹھ ماہ بعد اب یہ کیوں شیئر کر رہا ہوں۔ تو انہوں نے کہا کہ میں نے یہ بات قائدین کے سامنے رکھی تھی اور میں اس واقعے سے دکھی ہوں۔

Share this post

Loading...