جنوبی کنیرا : لاک ڈاؤن میں 5؍ جولائی تک توسیع  ، صبح سات بجے سے دوپہر ایک بجے تک ضروری اشیاء کی دکانیں رہیں گی کھلی

منگلورو 20 جون2021(فکروخبرنیوز/ ذرائع) جنوبی کنیرا ضلعی انتظامیہ نے کوویڈ۔19 لاک ڈاؤن میں 5 جولائی تک نرمی کے ساتھ توسیع کردی ہے۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر کے وی راجندر نے اتوار کے روز اعلان کیا ہے کہ پیر 21 جون سے ضروری سامان فروخت کرنے والی دکانیں صبح 7 بجے سے دوپہر 1 بجے تک کھلی رہیں گی۔

ڈپٹی کمشنر نے نئی رہنما خطوط کا اعلان کیا جس میں شہریوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ کوویڈ پروٹوکول پر سختی سے عمل کریں اور غیر ضروری طور پر اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

ضروری دکانوں جیسے گروسری، گوشت، دودھ کی مصنوعات اور کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے والی تمام دکانوں کو ہفتے کے دن لاک ڈاؤن نرمی کی مدت کے دوران ہی کھولنے کی اجازت ہوگی۔ سیمنٹ، اسٹیل اور تعمیراتی صنعت کو کام کرنے کی اجازت ہوگی بشرطیکہ کوویڈ پروٹوکول کی سختی سے عمل کیا جائے۔

ہفتے کے آخر میں کرفیو جمعہ کی شام سات بجے سے پیر کی صبح سات بجے تک رہے گا اور رات کے سات بجے سے صبح سات بجے تک رات کا کرفیو برقرار رہے گا۔

مینوفیکچرنگ یونٹ، صنعتی ادارے اور کارخانے 50 فیصد عملے کی گنجائش کے ساتھ کام کر سکتے ہیں جبکہ 30 فیصد عملے کے ساتھ ٹیکسٹائل تیار کرنے کی اجازت ہے۔

ٹیکسیاں اور آٹورکشا صرف دو مسافروں کو بٹھا سکتی ہیں۔ آپٹیکل شاپس کو بھی صبح 7 بجے سے شام 1 بجے تک کھلنے کی اجازت ہے۔ کسی بھی بس سروس کی اجازت نہیں ہوگی۔ پارکس اور عوامی میدان بند ہوں گے۔

ذرائع : منگلورو ٹوڈے

Share this post

Loading...