بھٹکل 27؍ جنوری 2019(فکروخبر نیوز) صفائی اور ستھرائی کے تعلق سے عوامی طور پر بیداری لانے کے لیے روٹری کلب بھٹکل کی جانب سے سائیکل ریلی نکالی گئی جس میں کئی ایک سائیکل سوار وں نے حصہ لیتے ہوئے بیداری لانے میں اپنا تعاون پیش کیا۔ ریلی کا آغاز تعلقہ اسٹیڈیم سے ہوا جہاں پر شہری پولیس تھانہ کے انسپکٹر نے ریلی کو ہری جھنڈی دکھائی ۔ یہ ریلی نوائط کالونی ، جالی روڈ ، سے اہم شاہراہ پہنچی اور سرکل سے ہوتے ہوئے سلطانی اسٹریٹ ، مین روڈ سے ہوتے ہوئے انجمن گراؤنڈ میں ختم ہوئی۔ اس موقع پر اپنے اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے مقررین نے صفائی ستھرائی کے تعلق سے بیداری لانے کے لیے نکالی گئی اس ریلی میں شریک طلباء کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے کہا کہ اس کے ذریعہ آپ کو بیدار کیا جارہا ہے کہ صفائی کے تعلق سے ہم اپنے اپنے محلوں میں بیداری پیدا کریں اور انہیں صاف اور ستھرا رکھنے میں اپنا ہر ممکن تعاون پیش کریں ، سائیکل ریلی کے ذریعہ صفائی بیداری لانے کی وجوہات بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سائیکل چلانے پر ہماری صحت اچھی رہتی ہے اور ہمیں سائیکل چلانی بھی چاہیے ۔ریلی کے آغاز سے اختتام تک پولیس کا مکمل تعاون حاصل رہا۔ سب سے پہلے پولیس کی جیپ تھی جو سائرن سے ہی لوگوں کی توجہ ان کی طرف مبذول کرانے کی کوشش کررہی تھی۔ اسی طرح اہم شاہراہ میں سائیکل سواروں کو دشواری سے بچانے کے لیے بعض مقامات پر ٹرافک روک دیاگیا اور پورے اہم شاہراہ پر جگہ جگہ پولیس ٹرافک کی اسپیڈ پر بھی نظر رکھے ہوئے تھے ۔
Share this post
