بھٹکل 15 جولائی 2023 (فکروخبرنیوز) کوسموس اسپورٹس سینٹر کی جانب سے کل بروز جمعہ بعد نمازِ عشاء خلیفہ جامع مسجد بھٹکل میں تعلیمی وتہنیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں ہونہار بچوں کو انعامات سے نوازے جانے کے ساتھ ساتھ علاقہ کی فلاح وبہبودی اور تعلیمی ترقی کے لیے اپنی خدمات پیش کرنے والوں کی بھی تہنیت کی گئی۔
خیال رہے کہ کوسموس اسپورٹس سینٹر کے دائرہ حدود میں گذشتہ تین سالوں میں 32 افراد نے حفظِ قرآن کی تکمیل کی جو ایک خوش آئند بات ہے ، اس کے ساتھ ساتھ ایس ایس ایل سی ، پی یو سی اور گریجویشن میں بھی طلبہ وطالبات نے نمایاں کامیابی حاصل کی ہے جس پر تمام مبارکباد کے مستحق ہیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہتمم جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا مقبول احمد کوبٹے ندوی نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ تعلیمی میدان میں طلبہ کے مقابلہ میں طالبات آگے ہیں ، اگر طلبہ پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی اور اسکولوں اور مدارس میں جاکر ان کی تعلیم کے متعلق معلومات حاصل کی جاتی رہے گی تو یقیناً انہیں بھی اپنی ذمہ داری کا احساس ہوگا اور وہ بھی تعلیمی میدان میں ترقی کریں گے۔ مولانا نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ علاقہ کے ڈراپ آؤٹ طلبہ کی نشاندہی کرکے ان کے تعلیمی سلسلہ کے انقطاع کی وجہ معلوم کی جائے اور ان کے مسائل حل کرتے ہوئے انہیں دوبارہ تعلیمی میدان میں لانے کی کوشش کی جائے۔ مولانا نے تعلیمی سلسلہ کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے مختلف میدانوں میں جاکراپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے بھی زور دیا۔
قاضی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل مولانا خواجہ معین الدین ندوی مدنی نے بھی تعلیمی سروے کی بات کہتے ہوئے ڈراپ آؤٹ طلبہ کی فہرست تیار کرنے اور ان کو دوبارہ تعلیم سے جوڑنے پر زور دیا۔ اسی طرح اپنا زیادہ وقت گھروں میں گذارنے خصوصاً بعد عشاء گھروں سے باہر نہ جانے اور موبائل میں اپنا وقت برباد نہ کرنے کی بھی نصیحت کی۔
مہمانِ خصوصی بھٹکل گرو سدھیندرا کالج کے پرنسپال ڈاکٹر ویریندر شانبھاگ نے اسپورٹس سینٹرکی کارکردگی پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 32 افراد کے حفظِ قرآن ہی سے اس بات کا اشارہ مل رہا ہے کہ یہاں کے لوگوں کا حافظہ بہت پختہ ہے ، انہوں نے محنت اور لگن سے ہر کام کرنے کا جذبہ پیدا کرنے کی بات کہتے ہوئے کہا کہ جب ہمارے نوجوانوں میں صلاحیتیں موجود ہیں تو انہیں استعمال کرنا چاہیے اوراس میں بھی اس بات کا خیال رکھنا چاہیے کہ مختلف میدانوں میں کچھ ایسا نیا ہونا چاہیے جس سے قوم ترقی کریں ۔ انہوں نے کئی ایک کمپنیوں کی مثالیں پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کی بڑی تعداد بیرونِ ملک جاکر اپنی صلاحیتیں صرف کررہی ہیں، اگر وہ اپنے ہی شہر کی ترقی کو مدنظر رکھتے ہوئے یہیں پرنئے انداز میں تجارتی مواقع فراہم کریں گے تو ایک دور وہ آئے گا کہ دوسرے شہر کے لوگ ملازمت کے لیے یہاں آئیں گے۔
جنرل سکریٹری انجمن حامئ مسلمین بھٹکل جناب صدیق اسماعیل صااحب نے بچوں پر خصوصی توجہ دینے کی بات کہی خصوصاً تعلیمی میدان میں ان کی رہنمائی کی ضروری ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا ، مولانا تیمور گوائی ندوی نے مہمان کا استقبال کیا، کوسموس کے جنرل سکریٹری مولانا اساعیل انجم ندوی نے رپورٹ پیش کی۔ مولانا خواجہ معین الدین ندوی کی دعا پر جلسہ اپنے اختتام کو پہنچا۔
Share this post
