بھٹکل 16؍ جنوری2022(فکروخبرنیوز) طلباء کو تعلیم کے ساتھ ساتھ عملی میدان میں آگے بڑھنے کے طریقے اور انٹرویو کی عملی مشق کے طور پر کارپوریٹ گرومنگ سیشن کے نام سے ایک پروگرام 13 جنوری بروز جمعرات منعقد کیا گیا جس میں مہمانِ خصوصی کے طور پر جناب ارقم معلم ، پرنسپال اے آئی ٹی ایم مشتاق احمد باوی کٹے ، اے آئی ٹی ایم کے رجسٹرار زاہد کھروری ، کورپریٹ ٹرینر لقذان منا ، ڈگری کالج کے وائس پرنسپال حبان شاہ بندری اور دیگر اساتذہ نے شرکت کرتے ہوئے طلباء کی رہنمائی کی ۔
پی یو کالج کے پرنسپال جناب یوسف کولا نے فکروخبر کو بتایا کہ طلباء کو عملی میدان میں آگے بڑھنے کے لیے انٹرویو کے مرحلہ سے گذرنا پڑتا ہے جس کے تئیں طلباء بڑے کشمکش میں مبتلا رہتے ہیں ۔ طلباء میں خود اعتمادی پیدا کرنے اور اس مرحلہ کے جملہ مسائل کے حل کے لیے ایک عملی پروگرام منعقد کیا گیا تھا۔ اس میں طلباء کو سی وی تیار کرنے ، اپنا تعارف پیش کرنے اور صلاحیتوں کے اظہار کے طریقے بھی عملی طور پر سکھائے گئے۔ انٹرویو سیکشن کے طور پر باقاعدہ ایک پینل نے طلباء کا انٹرویو لیا اور ان کی مکمل رہنمائی کی ۔
طلبہ نے اس پروگرام کو قابلِ تعریف بتاتے ہوئے مستقبل میں بھی اس طرح کے پروگرامات منعقد کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
Share this post
