بھٹکل 15/ مارچ 2020(فکروخبر نیوز) کرونا وائرس کا خوف ہر جگہ دکھائی دے رہا ہے۔ مدارس اور اسکولوں کی چھٹیوں کے اعلان کے بعد عوامی جگہوں پر بھی نہ جانے کی صلاح دی جارہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اسکولوں میں چھٹیوں کے اعلان کے ساتھ ہی مالس اور عوامی تقریبات پر پابندی عائد کردی تھی۔ آج بھٹکل میں ہفتہ واری بازار سنتے مارکیٹ میں بھی کرونا وائرس کا خوف صاف طور پر نظر آیا۔ معمول کے مقابلہ میں لوگوں کی تعداد بہت کم تھی۔ سنتے مارکیٹ میں عوام کی اتنی کم تعداد دیکھ کر پہلے تو لوگ سہم سے گئے لیکن بعد میں اس نتیجہ پرپہنچنے میں دیر نہیں لگی کہ کرونا وائرس کے خوف کی وجہ سے لوگ سنتے مارکیٹ نہیں آئے۔ خوف وہراس میں مبتلانہ ہونے کے حکومتی اعلان کے باوجود لوگ احتیاطی تدابیر اختیار کررہے ہیں، عوامی جگہوں پر جانے سے گریز کے ساتھ ساتھ کئی لوگ بائک کے استعمال کے وقت ماسک استعمال کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ مدارس اور اسکولوں میں چھٹیوں کے اعلان کے بعد لوگوں میں کروناوائرس کا خوف زیادہ نظر آرہا ہے۔ کل اسسٹنٹ کمشنر نے بھی اپنا بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ لوگوں کو خوف وہراس میں مبتلا ہونے کی چنداں ضرورت نہیں ہے۔ حکومت اس طرف کافی توجہ دے رہی ہے اور اس کے روک تھام کے لیے اقدامات کیے جاچکے ہیں۔
Share this post
