بھٹکل 14/مارچ 2020(فکروخبر نیوز) کرونا وائرس کے پیشِ نظر مدارس میں بھی چھٹیوں کا سلسلہ چل پڑا ہے۔ جامعہ اسلامیہ بھٹکل اور شہر کے دیگر مدارس میں چھٹی کے اعلان کے بعد اب مرڈیشور اور منکی کے مدارس میں بھی چھٹیوں کا اعلان کیا گیا ہے۔
منکی کے مدرسہ رحمانیہ کے مہتمم مولانا شکیل احمد صاحب ندوی نے فکروخبر کو بتایا کہ کرونا وائرس کے متعلق حکومت کے حالیہ اعلان کو دیکھتے ہوئے 15/ مارچ بروز اتوار سے 22/ مارچ بروز اتوار تک چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔ انہو ں نے بتایا کہ امتحان سالانہ کا نظام الاوقات کا جلد ہی اعلان کیا جائے گا۔
مرڈیشور مدرسہ تنویر الاسلام کے ذمہ دار جناب عبدالرحیم صاحب نے فکروخبر کو تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے اعلان کے مدنظر انہوں نے 14مارچ بروز سنیچر یعنی آج دوپہر سے ہی مدرسہ میں چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے اور مدرسہ میں چھٹی 21/ مارچ بروز سنیچر تک رہے گی۔ 22مارچ بروز اتوار کو مدرسہ حسبِ معمول کھلے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے یہاں چوتھی جماعت (درجہ چہارم) کے طلباء تک کا سالانہ امتحان نہیں ہوگا اور بلا امتحان انہیں اگلے درجوں میں ترقی دی جائے گی جبکہ پنجم مکتب سے بقیہ درجات کا امتحان حسبِ اعلان سابق جاری رہے گا۔
Share this post
