بھٹکل /دبئی 17/ جون 2020(فکروخبر نیوز) کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے جس طرح ڈاکٹروں اور اسپتال کے عملہ نے اپنی خدمات انجام دی ہیں اس کی جتنی بھی سراہنا کی جائے کم ہے۔ اپنی جان جوکھم میں ڈال کر مریضوں کا علاج کرنا اور ان کی دیکھ بھال کر خود کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے لیکن اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر خدمتِ خلق کے جذبہ سے سرشار افراد نے جس طرح علاج ومعالجہ میں اپنا اہم کردار ادا کیا وہ اپنی مثال آپ ہیں۔
متحدہ عرب امارات نے جن ڈاکٹروں کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں گولڈن ویزا دینے کا اعلان کیا ہے ان میں بھٹکل سے تعلق رکھنے والے دو ڈاکٹر، ڈاکٹر سید مہیمن برماور اور ڈاکٹر دنش احمد دامودی بھی سرفہرست ہیں۔ حکومتی سطح پر ان کی خدمات کا اعتراف کرنا جہاں ان کے لئے یہ اعزاز کی بات ہے وہیں اہلیانِ بھٹکل کے لئے بھی یہ خبر قابلِ مسرت ہے۔
بھٹکل مسلم جماعت دبئی (بی ایم جے ڈی) کے ذمہ داران کی جانب سے سوشیل میڈیا پر ایک ریلیز جاری کی گئی ہے جن میں ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں خوب دعاؤں سے نوازا ہے اور انہیں دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
Share this post
