بھٹکل 15؍ جون 2021(فکروخبرنیوز) بندر روڈ ففتھ کراس پر واقع ایک گھر میں گھس کر چار سے پانچ لوگوں کو پولیس تھانہ لےجانے اور وہاں پولیس کی جانب سے انہیں بری طرح زدوکوب کیے جانے والے واقعہ کی پرزور مذمت کرتے ہوئے خاطی اہلکاروں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کرنے اور انہیں برخاست کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے آج میونسپل کونسل کے چند کونسلروں نے اسسٹنٹ کمشنر کے توسط سے ڈپٹی کمشنر کو ایک یاد داشت پیش کی ۔
اس موقع پر اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کونسلر اور سابق جنرل سکریٹری مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل جناب محی الدین الطاف کھروری نے کہا کہ 8 جون کو بندر روڈ پر انسانیت کو شرمسار کرنے والے واقعہ کی یہاں موجود جملہ کونسلر پرزور مذمت کرتے ہیں اور افسران سے مطالبہ کرتے ہیں کہ خاطی افسران اور پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
اس موقع پر کونسلروں نے اسسٹنٹ کمشنر ممتا دیوی کو بتایا کہ جن کے خلاف یہ کارروائی کی گئی ہے ہم انہیں اچھی طرح جانتے ہیں کہ وہ کس طرح سے جانوروں کو پالتے ہیں۔ ان کے محلہ کے لوگ بھی اس کی گواہی دیتے ہیں۔ ان کے گھروں میں بکریوں اور مرغیوں کے ساتھ ساتھ بڑے جانورکو بھی پالا جاتا ہے ، گویا کہ انہیں جانوروں سے ایک طرح پیار ہے اور اسی پیار کی وجہ سے کئی سالوں سے انہیں پالتے آرہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جب پولیس اس طرح کی کارروائی کرنے لگے عوام کا پولیس پر سے اعتماد اٹھ جائے گا۔
اس کے بعد کونسلروں پر مشتمل اس وفد نے شہری پولیس تھانہ پہنچ کر ڈی وائی ایس پی بیلی ایپا سے ملاقات کی اور انہیں بھی ایک یادداشت پیش کرتے ہوئے خاطی افسران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔
Share this post
