بنگلور:25؍نومبر2018(فکروخبر/ذرائع)سابق مرکزی وزیر ریل اور کانگریس کے سینیئر رہنما سی کے جعفر شریف کا آج بنگلور کے پرائیویٹ اسپتال میں 85سال کی عمر میں انتقال ہوگیا۔چلاکری کریم جعفر شریف(سی کے جعفرشریف) 3نومبر 1933 کوکرناٹک میں پیدا ہوئے تھے۔ان کی اہلیہ اورایک فرزند کا پہلے ہی انتقال ہوچکا ہے۔
نماز کی ادائیگی کیلئے مسجد جانے کے لیے جب وہ 23نومبر کو کار میں سوار ہورہے تھے تو اسی دوران وہ گر پڑے ۔انہیں شہر کے فورٹس اسپتال کے انتہائی نگہداشت والے شعبہ میں داخل کرایا گیا تھا اور ان کو پیس میکر لگایا گیا تھا تاہم آج دوپہر انہوں نے آخری سانس لی۔اسپتال کے ذرائع نے یہ با ت بتائی۔کانگریس کے سینیئر رہنما سی کے جعفر شریف وزیر اعظم نرسمہا راؤ کے دور حکومت میں 1991سے 1995 تک مرکزی وزیر ریل رہے۔
ان کی موت کی خبر پھیلتے ہی سیاسی، سماجی حلقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔
Share this post
