بنگلور:06؍نومبر2018(فکروخبر/ذرائع)کرناٹک میں لوک سبھا اور اسمبلی سیٹوں کے لیے ہوئے ضمنی انتخاب میں کانگریس اتحاد نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 میں سے 4 سیٹوں پر قبضہ جما لیا ہے اور ایک سیٹ پر بی جے پی امیدوار نے برتری بنائی ہوئی ہے۔ کانگریس اتحاد کو دو اسمبلی سیٹوں رام نگر اور جام کھنڈ میں کامیابی حاصل ہوئی ہے جب کہ اسے بیلاری اور مانڈیا لوک سبھا سیٹوں پر بھی ایک بڑی فتح حاصل ہوئی ہے۔ شیموگا پارلیمانی حلقہ سے بی جے پی امیدوار 50 ہزار سے زیادہ ووٹوں سے کانگریس اتحاد کے امیدوار پر برتری حاصل کیے ہوئے ہیں اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ انھیں کامیابی مل جائے گی۔
یہاں قابل ذکر ہے کہ کانگریس اتحاد نے اپنی پچھلی سبھی سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے جب کہ بیلاری پارلیمانی سیٹ جو کہ بی جے پی کے قبضے میں تھی، اس پر قابض ہونے میں بھی کامیاب ہوا ہے۔ شیموگا سیٹ پہلے سے بی جے پی کے پاس ہی تھی جس پر وہ اپنا قبضہ برقرار رکھتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ لیکن یہاں قابل غور یہ ہے کہ گزشتہ مرتبہ بی جے پی کو تقریباً 4 لاکھ کے فرق سے فتح حاصل ہوئی تھی اور اس مرتبہ محض 50 ہزار کے فرق سے کامیابی ملتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔
Share this post
