بنگلورو 19؍ اکتوبر 2023 (فکروخبرنیوز) بی جے پی کے ساتھ جے ڈی ایس اتحاد سے اس کے کئی رہنما ناخوش نظر آرہے تھے۔ خصوصاً اس میں سرِ فہرست سی ایم ابراہیم بھی تھے جنہوں نے کانگریس پارٹی چھوڑ کر جے ڈی ایس میں شمولیت اختیار کی تھی اور پارٹی نے کرناٹک یونٹ کا صدر بنایا تھا۔ بی جے پی کے ساتھ اتحاد کے خلاف آواز اٹھانے والے سی ایم ابراہیم کو سابق وزیر اعظم اور جنتا دل (سیکولر) کے سرپرست ایچ ڈی دیوے گوڑا نے جمعرات کو پارٹی کی کرناٹک یونٹ کے صدر کے عہدہ سے ہٹا دیا اور اس کی وجہ گوڑا نے اپنے بیٹے اور سابق وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی کو پارٹی کی ریاست کا ایڈہاک صدر مقرر کیا گیا ہے۔ کمارسوامی دو بار کرناٹک کے وزیر اعلیٰ رہ چکے ہیں ، اس کے ساتھ ساتھ وہ پارٹی کے قانون ساز یونٹ کے صدر بھی ہیں۔
گوڑا کا یہ حکم ابراہیم کی جانب سے آنے والے لوک سبھا انتخابات کے لیے بی جے پی کے ساتھ اتحاد کرنے کے پارٹی کے فیصلے کے خلاف بغاوت کے بعد آیا ہے۔
اس سلسلے میں ابراہیم نے 16 اکتوبر کو جے ڈی (ایس) میں 'ہم خیال' لوگوں کے ساتھ میٹنگ کی تھی اور اعلان کیا تھا کہ ان کی قیادت والی پارٹی اصل ہے۔ انہوں نے ایک کور کمیٹی کی تشکیل کا بھی اعلان کیا جو پارٹی کے سپریمو کو ایک میمورنڈم پیش کرے گی کہ جے ڈی (ایس) کو بی جے پی کے ساتھ نہیں جانا چاہئے۔
(پی ٹی آئی کے ان پٹ کے ساتھ )
Share this post
