منڈگوڈ : خاتون کے گلے سے چین چھین کر فرار ہونے والے دو ملزمین پولیس حراست میں

منڈگوڈ 25؍ اگست 2018(فکروخبر نیوز) راہ چلتی ایک خاتون کے گلے سے چین چھین کر بائک کے ذریعہ فرار ہونے والے دو ملزمین کو پولیس حراست میں لینے میں کامیاب ہوگئی ہے۔ ملزمین کی شناخت اسحاق احمد (23) مقیم یلاپور اونی ، اشفاق احمد (25) مقیم کرشنا نگر کی حیثیت سے کرلی گئی ہے۔اطلاعات کے مطابق شہر کے ٹی ڈی پی روڈ پر ڈاکٹر چھبی کے گھر کے قریب بذریعہ بائک دو چور آئے اور راہ چلتی سروجا کلال نامی ایک خاتون کے گلے میں لٹکتی چین چھین کر فرار ہوگئے۔ خاتون کے مطابق اس کے گلے میں پانچ گرام سونے کی چین تھی۔ خاتون نے ان دونوں کے خلاف معاملہ درج کرلیا ۔ واردات کے تقریباً پانچ روز بعد ہبلی ، سرسی روڈ پر اتی ویرے میں واقع چڑیا گھر کے قریب مذکورہ دونوں افراد پیدل چل رہے تھے ۔ اس دوران گشتی پولیس کی وین بھی وہاں کھڑی تھی۔ پولیس کو کھڑا دیکھ کر دونوں ملزمین وہاں سے فرار ہوگئے ۔ پولیس کو ان دونوں پر شک ہوا اور ان کا پیچھا کرتے ہوئے دونوں کو گرفتار کرلیا۔ پوچھ تاچھ کے دوران پتہ چلا کہ خاتون کے گلے سے چین چھین کر فرار ہونے والے یہی دونوں ملزمین ہیں۔

Share this post

Loading...