ہوناور 20؍ اکتوبر 2018(فکروخبر نیوز) یہاں پریش میستھا نامی نوجوان کی مشکوک حالت میں بازیافت لاش کے بعد شدت پسند تنظیموں کی جانب سے علاقہ میں پھیلائی کشیدگی کے بعد یہاں کے پر امن ماحول کو خراب کرنے کی گھناؤنی سازش رچی گئی تھی ۔ مذکورہ نوجوان کی موت معاملہ میں تحقیقات کررہی سی بی آئی ٹیم کو ایک انوکھا نکتہ ہاتھ لگاہے۔ تحقیقات کے دوران پتہ چلا ہے کہ جس تالاب کے قریب پریش میستھا کی لاش ملی تھی اس کے قریبی مندر کا سی سی ٹی وی کیمرہ بند کردیا گیا تھا۔ اس نکتہ کے بعد سی بی آئی نے اپنی تحقیقات مزید آگے بڑھاتے ہوئے مندر انتظامیہ کے بعض اراکین سے بھی پوچھ تاچھ کی ہے۔ سی ٹی وی کیمرے کے بند کیے جانے پر کئی طرح کے شکوک وشبہات کھڑے کیے جارہے ہیں او رمندر انتظامیہ پر بھی شک کا اظہار کیا جارہا ہے ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کیمرے کا کنٹرول مندر کے اندر ہے اور اس کی چابی بھی مندر کے ذمہ داروں کے پاس ہے تو اس طرح کے شکوک وشبہات کا ہونا فطری بات ہے۔اس بات کا بھی امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ کسی نے واردات انجام دینے سے قبل کسی دوسری چابی سے سی سی ٹی وی کیمرہ کنٹرول روم کا تالا کھول یہ گھناؤنی حرکت انجام دی ہے۔اب دیکھنا یہ ہے کہ سی بی آئی تحقیقات میں اب کتنے نئے موڑ سامنے آتے ہیں؟؟
Share this post
