چامراج نگر: 02؍جولائی 2023(فکروخبر/ایجنسی) ایک بھیانک سڑک حادثہ میں پینتیس سالہ نوجوان زندہ جل کرجاں بحق ہوگیا ہے۔ یہ افسوسناک واقعہ چامراج نگر کے گنڈلوپیٹ تعلقہ کے ہیریکر گیٹ کے قریب اہم شاہراہ پر پیش آیا جب ایک کار اور لاری کے درمیان رات قریب پونے گیارہ بجے تصادم ہوا۔ جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت مزمل احمد کی حیثیت سے کرلی گئی ہے جبکہ لاری ڈرائیور معمولی طور پر زخمی ہے۔
اطلاعات کے مطابق ٹکر لگتے ہیں آگ بھڑک اٹھی ، لاری پر سوار افراد چھلانگ لگا کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جبکہ احمد کار سے نکلنے میں ناکام رہا اور بالآخر زندہ جل گیا۔ آگ لگنے کی اصل وجہ ابھی معلوم نہیں ہوسکی ہے۔
اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ جائے حادثہ پر پہنچی لیکن آگ کی شدت کے باعث اسے بجھانے میں وقت لگا۔ حادثہ میں کارکے ساتھ ساتھ لاری بھی جل کر خاکستر ہو گئی۔ حادثہ کی وجہ سے ٹریفک جام رہا اورتقریباً ایک کلومیٹر تک قطاریں لگ گئیں۔
مقامی پولیس نے بیگور پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرلیا ہے، اور فی الحال واقعے کی تحقیقات جاری ہے۔
Share this post
