بھٹکل 08؍ ستمبر 2018(فکروخبرنیوز) شیرور سے بھٹکل اپنی تعلیم کے لیے روز پہنچنے والے طلباء نے کے ایس آر ٹی سی کے بھٹکل بس اڈے کے چیرمین کے نام ایک یادداشت پیش کرتے ہوئے صبح کے اوقات میں زائد بسیں چلانے کا مطالبہ کیا ہے۔ کیمپس فرنٹ آف انڈیا کی جانب سے دئیے گئے اس یادداشت میں انہوں نے کہا کہ شیرور میں بس ساڑھے آٹھ بجے پہنچتی ہے اور اس کے بعد ایک بس نو بجے آتی ہے۔ صبح کے اوقات میں زیادہ تر طلباء سفر کرنے کی وجہ سے بس میں جگہ نہیں رہتی ۔ جس کی وجہ سے وقت پر اسکول یا کالج پہنچنا مشکل ہوجاتا ہے ۔ ساڑھے آٹھ بجے کی بس چھوٹنے کے بعد طلباء وقت پر اپنے درجہ میں حاضری دینے سے قاصر ہیں۔ طلباء کا مطالبہ ہے کہ ساڑھے آٹھ اور نو بجے کے بعد زیادہ سے زیادہ بسیں چلائیں جائیں تاکہ طلباء کو اسکول او رکالج پہنچنے میں آسانی ہو۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ ایک ہفتہ کے اندر مذکورہ محکمہ کی جانب سے قدم اٹھاتے ہوئے ان کی باتوں پر غور کیا جائے گا۔
Share this post
