بیندور 03/ جون 2019 (فکروخبر نیوز) درستگی کے لیے دکان کے باہر کھڑی کی گئی لاری چوری کیے جانے کی واردات بیندور پولیس تھانہ کے نیر گدے میں پیش آئی ہے۔ لاری پر موکامبیکا کرپا نام لکھا ہوا ہے جو نرسمہا دیوا ڑیگا کی ملکیت میں آتی ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ چوروں نے لاری کی بیٹری نکال کر اس کی جگہ دوسری بیٹری فٹ کردی اور راتوں راتوں لاری لے کر وہاں سے فرار ہوگئے۔ علاقہ کے لوگو ں کے مطابق یہاں گذشتہ دو تین سالوں سے چوری کی وارداتوں کا منظر عام پر آنا عام بات ہوگئی ہے۔ تین سال قبل یہاں ایک گھر میں پیش آئی چوری کی واردات میں ڈھائی لاکھ روپئے کا سونا لے کر چور فرار ہوگئے تھے، گذشتہ سال کھڑی کی گئی چار لاریوں سے ڈیزل چوری کرلیا گیا تھا، اس کے بعد ایک لاری کے چھ ٹائروں کے چوری ہونے کی واردات پیش آئی تھی۔ اس کے علاوہ اے ٹی ایم مشین میں چوری کی واردات انجام دینے کے لیے گیس سلنڈر چوری کیا گیاتھا۔
ایس پی نشا جیمس کا کہنا ہے کہ نرگدے واردات کی تمام تفصیلات حاصل ہوگئیں ہیں۔ اس سے قبل پیش آئی وارداتوں کی تفصیلات میں حاصل کی جائیں گی اور مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
Share this post
