بیندور کے قریب پیش آئے سڑک حادثہ میں ایک شخص ہلاک ، دیگر تین زخمی

bhatkal, byndoor, kirimenjeshwar, accident, in byndoor,

بیندور 3 مارچ 2022 (فکروخبرنیوز/ذرائع)  قومی شاہراہ 66 پر کریمنجیشور کے قریب بدھ 2 مارچ کی شام کو ایک کار سڑک کے ڈیوائیڈر سے ٹکرا جانے کے بعد ایک شخص کی جان چلی گئی جبکہ تین دیگر زخمی ہوگئے۔

مہلوک کی شناخت اکشے (23 ) بنگلورکی حیثیت سے کرلی گئی ہے۔ حادثہ میں  تیجس (24)، پون (23) اور ہرشا (24) زخمی ہوگئے۔ ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے اور وہ کندا پور کے ایک نجی اسپتال میں داخل ہیں۔

کریمنجیشور کے قریب کار سڑک کے ڈیوائیڈر سے ٹکرانے کے بعد ہائی وے کے دوسری طرف چلی گئی۔ پیچھے بیٹھے اکشے کو شدید چوٹیں آئیں اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ مقامی لوگوں کی مدد سے زخمیوں کو فوری طور پر نجی ایمبولینس کے ذریعہ اسپتال لے جایا گیا۔ متوفی کی نعش کو کنداپور کے سرکاری اسپتال کے مردہ خانہ میں رکھا گیا۔

اس سلسلے میں بیندور پولس اسٹیشن میں کیس درج کیا گیا ہے۔ بیندور پولیس کے سب انسپکٹر پون نائک اور عملے نے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور جائے حادثہ کا جائزہ لیا۔

معلوم ہوا ہے کہ یہ چاروں جو پی یو سی میں ہم جماعت تھے، 26 فروری کو تیجس کی ایک انووا کار میں بنگلورو سے ہوناور پہنچے تھے۔ انہوں نے کاروار، گوکرنا اور دیگر مقامات کا دورہ کیا تھا اور بدھ کو بنگلورو جا رہے تھے جب یہ حادثہ شام 4.30 بجے پیش آیا۔ اکشے پیشے سے فوٹوگرافر تھے جبکہ تیجس ایک طالب علم ہیں۔ پون ایک آئی ٹی فرم میں ملازم ہے اور ہرشا ایک میڈیکل پروکیورمنٹ کمپنی میں کام کرتا ہے۔

ذرائع : ڈائجی ورلڈ

Share this post

Loading...