کنداپور، 20 فروری 2023 (فکروخبرنیوز) بی جے پی ترقی کی بات نہیں کرتی ہے۔ اس کا بنیادی ایجنڈا مذہب اور ذات پات ہے۔ جھوٹ بی جے پی کا سب سے بڑا ہتھیار ہے۔ ریاستی حکومت پوری طرح سے بدعنوانی میں ڈوبی ہوئی ہے۔ ان باتوں کا اظہار قانون ساز کونسل کے اپوزیشن لیڈر بی کے ہری پرساد نے کیا جو اتوار 19 فروری کو ونڈسے میں کانگریس کراولی پرجادھونی کنونشن کا افتتاح کررہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے اراکین بدعنوانی کی اس حد تک تعریف کرتے ہیں کہ جب ان کی پارٹی کے اراکین بدعنوانی کے کیس سے جیل سے باہر آتے ہیں تو وہ جیت کا جشن مناتے ہیں۔ ریاستی حکومت چیزوں کو برابری سے دیکھنے کے بجائے آئین کے خلاف جا رہی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جب الیکشن قریب آتا ہے تو پی ایم مودی، امیت شاہ، نڈا اور دیگر تمام لیڈر ساحلی علاقوں کا دورہ کرتے ہیں اورجب بارش سے سمندری کٹاؤ، سیلاب اور تباہی ہوتی ہے تو وہ بھی توجہ نہیں دیتے۔ لوگوں کو یہ سمجھنا ہوگا۔ آج ریاست میں 40% کمیشن کا الزام عام ہے۔ کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن نے اس سلسلے میں ڈیڑھ سال قبل پی ایم مودی کو ایک اپیل لکھی تھی اور ابھی تک جواب کا انتظار کر رہی ہے۔
اگر کانگریس اقتدار میں آتی ہے تو وہ عام لوگوں کے مسائل کو حل کرے گی۔ کانگریس نے اپنے انتخابی منشور میں صحت، تعلیم اور بنیادی ڈھانچے پر زور دیا ہے۔ آزاد ہندوستان کی دولت کو برابر تقسیم کیا جائے۔ ملک کی دولت کو صرف 10 افراد میں تقسیم نہیں ہونا چاہیے۔
Share this post
