بنگلورو06 فروری 2024 : جعلی خبروں کے ذریعہ فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے کے الزام میں بی جے پی کے ترجمان اور سابق صحافی ہری پرکاش کونی منے کے خلاف شہر کے ہائی گراؤنڈ پولیس تھانہ میں شکایت درج کرائی گئی ہے۔ مذکورہ ترجمان پر خاص طور پر مسلم کمیونٹی کو نشانہ بناتے ہوئے بے بنیاد خبریں پھیلانے کا الزام ہے۔
کرناٹک پردیش کانگریس سیوا دل ینگ بریگیڈ کے صدر محمد جنید پی کے کی قیادت میں ایک وفد نے یہاں ہائی گراؤنڈ پولیس اسٹیشن کا دورہ کیا اور بی جے پی ترجمان کے خلاف سخت کارروائی کی درخواست کرتے ہوئے سرکاری طور پر شکایت درج کرائی۔
اس کے بعد نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے ترجمان نے اپنے فیس بک ہینڈل میں جھوٹی خبریں پھیلائی ہیں۔ جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ریاستی حکومت نے 2023-2024 تعلیمی سال کے ایس ایس ایل سی (دسویں جماعت) کے امتحانات کے اوقات کو جان بوجھ کر تبدیل کیا ہے۔ صبح کے اوقات میں مقررہ پرچے نماز کی سہولت کے لیے دوپہر کو مقرر کیے گیے ہیں۔
پری یونیورسٹی کالج (12ویں جماعت) کے امتحانات اسی دن شروع ہوں گے جب ایس ایس ایل سی کے امتحانات ختم ہوں گے۔ جب کہ پی یو سی امتحانات بھی انہی امتحانی مراکز میں ہوں گے جہاں ایس ایس ایل سی امتحانات منعقد ہورہے ہیں۔ اس لیے دونوں امتحانات کو آسان بنانے کے لیے محکمہ تعلیم نے آخری ایس ایس ایل سی امتحان کو دوپہر کی طرف منتقل کردیا تھا۔ جنید نے ہری پرکاش کونی منے کے خلاف سخت قانونی کارروائی پر زوردیا ہے۔
کونمانے نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ پر ریاستی حکومت پر مسلم کمیونٹی کو خوش کرنے کی کوشش کرنے کا الزام لگایا تھا۔
Share this post
