بنگلورو 07؍ نومبر 2022(فکروخبرنیوز/ذرائع) تقریباً پانچ مہینوں بعد ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لیے تیاری کرتے ہوئے کرناٹک بی جے پی نے اپنی جاری 'جن سنکلپا یاترے' کو مکمل کرنے کے فوراً بعد تمام 224 حلقوں کا احاطہ کرتے ہوئے ریاست کے شمال اور جنوب سے "رتھ یاترے" کا منصوبہ بنایا ہے۔ یہ اقدام اس گونج کے درمیان سامنے آیا ہے کہ کانگریس قائدین کرناٹک کانگریس کے صدر ڈی کے شیوکمار اور لیجسلیچر پارٹی لیڈر سدارامیا کی سربراہی میں دو الگ الگ ٹیموں میں انتخابات سے قبل ریاست گیر بس کے دورے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔
وزیر اعلی بسواراج بومائی نے 7 نومبر پیر کو نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جن سنکلپ یاترا کے دوران ہم پارٹی کو نچلی سطح پر منظم کرنے کے ساتھ ساتھ اس کے حق میں لوگوں کو متحرک کرنے کے لیے اسمبلی حلقوں کا دورہ کر رہے ہیں۔ اس یاترا کے لیے زبردست حمایت اور ردعمل ہے۔ ہم بی جے پی کے حق میں لہر دیکھ رہے ہیں۔ عوامی حمایت کے ساتھ، ہمارے کارکنوں میں اعتماد کا ایک نیا احساس ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس یاترے کے بعدہم شمال اور جنوب دونوں سمتوں سے رتھ یاترا شروع کریں گے اور ہم تمام 224 اسمبلی حلقوں کا احاطہ کریں گے۔
بی جے پی کی 'جن سنکلپا یاترا' وزیر اعلیٰ بومئی اور پارٹی کے مضبوط رہنما اور پارلیمانی بورڈ کے رکن بی ایس یدی یورپا کی قیادت میں 7 نومبر کو دوبارہ شروع ہوئی۔ یہ یاترا اڈپی، اور 'کٹور-کرناٹک' کے اضلاع گدگ، ہاویری اور بیلگاوی کا احاطہ کرے گی۔
Share this post
