سیشن کے بعد جب صحافیوں نے مسٹر چوہان سے اس ضمن میں پوچھا تو انھوں نے کہا کہ وہ اپنے فون پر کچھ لیڈروں کی تصاویر دیکھ رہے تھے ۔اس کیلئے انھوں نے غلطی بھی قبول کی ہے ۔اسمبلی کے اسپیکر مسٹر کے تمپا نے کہا کہ وہ اس معاملہ پر غور کریں گے۔ریاستی وزیر برائے حج و تعمیراتی ترقی مسٹر آر روشن بیگ نے پربھو چوہان کی اس حرکت پر سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے ارکانِ اسمبلی کی جانب سے طرح کی حرکت نے عوام کے سامنے بی جے پی کے رکن اسمبلی کا اصل چہرہ سامنے آگیا ہے ۔اس سے قبل بھی جب مسٹر سدانند گوڑا وزیر اعلیتھے جب بھی ایوان اسمبلی میں کارروائی کے دوران بی جے پی کے تین وزراء اپنے فون پر فحش ویڈیو دیکھتے ہوئیپکڑے گئے تھے۔ بعد میں انھیں وزارت کا عہدہ چھوڑنا پڑا ۔اوراد کے رکن اسمبلی مسٹر پربھو چوہان کی اس حرکت پر مُختلف سیاسی و سماجی تنظیموں نے سخت تنقید کی ہے ۔بی جے پی کی جانب سے ریاستی کانگریس حکومت پر الزام لگا یا جارہا ہے کہ ریاست میں خواتین کو تحفظ حاصل نہیں ہیاور اس مسئلہ پر احتجاج کررہی ہے تو دوسری طرف ایوان اسمبلی میں بیٹھ کر اسی پارٹی کے ارکانِ اسمبلی خواتین کے تصاویر دیکھنے میں مصروف پائے گئے ۔بی جے پی کے رکن اسمبلی کی اس حرکت پر آج بیدر شہر میں بھی یوتھ کانگریس کی جانب سخت احتجاج کیا گیا اور بی جے پی رکن اسمبلی کے خلاف نعرہ لگائے گئے ۔عوام ارکانِ اسمبلی کو ایوان میں عوامی مسائل اور حلقہ کے ترقی کی نمائندگی کیلئے منتخب کرکے بھیجتی ہے ۔مگر کرناٹک میں ریاست میں اس سے قبل بی بھی جے پی حکومت میں تین وزراء فحش ویڈیو دیکھتے ہوئے پائے گئے تھے جنھیں اس حر کت پر وزارتی عہدہ چھوڑنا پڑا تھا۔یہ معاملہ ابھی عوام کے ذہنوں سے اوجھل بھی نہیں ہوا تھا کہ بیدر ضلع کے حلقہ سمبلی اوراد کے بی جے پی ایم ایل اے مسٹر پربھو چوہان نے ایوانِ اسمبلی میں مسائل کی فکر اور حلقہ کی ترقی کرنے کے بجائے اپنے موبائیل پر پرینکا گاندھی کی تصاویر دیکھنے میں مصروف پائے گئے ۔ان کی اس حرکت پر ملک بھر میں مذمت کی جارہی ہے ۔
بیدر میں یوتھ کانگریس کی جانب سے بی جے پی رکن اسمبلی پربھو چوہان کے خلاف سخت احجاج
بیدر۔11؍ڈسمبر(فکروخبر/محمد امین نواز بیدر) بیلگام اسمبلی سیشن میں علاقے کے مسائل پر بات کرنے کے بجائے اپنے موبائل پر پرینکا گاندھی کی تصویر کو زوم کرکے دیکھنے کی بیدر ضلع کے یوواکانگریس نے مذمت کی ہے۔ امبیڈکر چوک پر یووا کانگریس کے کارکنوں نے رکن اسمبلی کے خلاف دھرم ریڈی ضلع یوواکانگریس صدر کی قیادت میں مؤثر احتجاج منظم کیا۔انھوں نے اپنی تقریر میں کہاکہ تعلقہ کے عوام کوپینے کے پانی اور قحط سالی کاسامنا ہے ، ان مسائل پرگفتگو کرنے کے بجائے اپنے موبائل پر تصویریوں دیکھ رہے تھے۔ بیدر جنوب اسمبلی حلقہ کے صدر راگھویندر برادار نے کہاکہ بی جے پی بدعنوانی کے خلا ف آواز اٹھاتی ہے لیکن اس کو اخلاق کی پری بھاشا معلوم ہی نہیں ہے ۔اس لئے وہ اس قابل ہی نہیں ہے کہ کانگریس کے خلاف کچھ کہہ سکے۔ مشیرقریشی صدر یوتھ کانگریس بیدر شمال، سدھاکر کوڑلور صدر یوتھ کانگریس اوراد ، محمد ریحان صدر ہمناآباد یوتھ کانگریس ، ضلع نائب صدر منوج ماشٹی ، ضلع جنرل سکریڑی ناظم پٹیل ، شیوکمار سوامی ، عظمت پٹیل ، اظہراحمدخان ، امباداس ، اکمل ، تکارام وغیرہ موجودتھے۔
گورنمنٹ اُردو ماڈل پرائمری اسکول منہلی کے طلباء میں سائیکلوں کی تقسیم
بیدر۔11؍ڈسمبر۔(فکروخبر/محمد امین نواز بیدر )۔گورنمنٹ اُردو ماڈل پرائمری اسکول منہلی میں سائیکلوں کی تقسیم کا انعقاد عمل میں آیا ۔ مدرسہ ہذامیں جناب انور احمد خاں کی صدارت میں جلسہ منعقد ہوا ۔ جناب ڈاکٹر این اے قادری صدر درویش فلاح و بہبودی تنظیم ، بنڈماّ چیرمین گرام پنچایت ، علاؤالدین رکن گرام پنچایت ،شری ہڑمنت صاحب سماج سیوک بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی ۔جلسہ کی کارروائی کا آغاز جماعت ہشتم کی طالبہ انجم بیگم کی قرأ ت کلام پاک سے ہوا ۔جماعت پنجم کی طالبہ بی بی فاطمہ نے حمد اورجماعت پنجم کی طالبہ فرحانہ بیگم نے نعت شریف سنائی تمام مہمانوں کی صدر جلسۂ انور احمد خاں کے ہاتھوں بکثرت گلپوشی کی گئی ۔جلسہ کو جناب ڈاکٹر این اے قادری منہلی نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ والدین کو چاہیئے کہ اپنے بچوں کو سرکاری مدرسوں میں تعلیم کیلئے روانہ کریں جہاں تجربہ کا رو ماہر اساتذہ کرام کی نگرانی میں تعلیم دی جاتی ہے اور حکومت کی جانب سے مختلف سہولتیں دی جارہی ہیں اُنہوں نے بچوں پر زور دے کرکہا کہ تعلیم پر زیادہ توجہ دیں ۔ تمام مہمانوں و معززین اور اولیائے طلبہ کی موجودگی میں تمام طلبہ و طالبات میں سائکلیں تقیسم کی گئی ۔ صدر جلسہ جناب انور احمد خاں نے بھی تمام اولیائے طلبہ سے گذارش کی کہ وہ اپنے بچوں کو با پابندی وقت اسکول کو روانہ کریں۔ جناب محمد غوث مدرس نے نظامت کے فرائض بحسن خوبی انجام دئے اور انہیں کی اظہار تشکر پر جلسۂ اختتام پذیر ہوا۔
آل انڈیا امامس کونسل کی جانب سے علماء و ائمہ اور مؤذنین کے لڑکے اور لڑکیوں میں اسکالر شپ کی تقسیم
بیدر۔11؍ڈسمبر۔(فکروخبر/محمد امین نواز بیدر )۔مولانا محمدعبدالغنی صدر آل انڈیا امامس کونسل ضلع بیدر کے بموجب بیدر شہر میں واقع دفتر آل انڈیا امامس کونسل میں ایک جلسہ بوقت بعد نمازِ ظہر زیرِ صدارت مولانا کلیم اُللہ صدیقی قومی رکن آل انڈیا امامس کونسل کا بعنون ’’دورِ حاضر میں علماء و ائمہ کی ضرورت و اہمیت ‘‘ انعقاد عمل میں آیا۔جس میں مولانا نے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ علماء و ائمہ اور مخصوص طبقہ یہ سمجھ لیا ہے کہ دین صرف دعوت ہے یا دین صرف عشقِ نبی ہے ‘ایسا نہیں ہے بلکہ ہر شعبہ اپنی جگہ مکمل حیثیت رکھتا ہے جیسے حدیث میں ایمان شعبہ کا اعلی ’’ لا الہ اللہ ہے اسکا ادنی راستہ سے تکلیف دہ چیز کو ہٹاناہے اس سے مراد خدمت خلق ہے۔جب تک انسان خدمتِ خلق کے جذبہ سے سرشار نہیں ہوتا اس میں انسانی ہمدردی نہیں پائی جاتی اس پروگرام کا آغاز حافظ ناصر کی قرا ء تِ کلام پاک سے ہوا جبکہ الحاج محمد شفیع الدین نے نعتِ رسولؐ سنانے کی سعادت حاصل کی ۔ اس موقع پر علماء ‘ائمہ اور مؤذنین کے جملہ9 لڑکے اور لڑکیوں مرزا محمود علی جماعت دہم ‘محمد ریاض الدین جماعتِ دہم‘محمد حسین متعلم پی یو سی‘ محمد زبیر متعلم پی یو سی ‘ رومانہ بیگم متعلم پی یو سی ‘ محمد یاسر خان جماعت دہم شاداب حسین جماعت دہم‘ محمد منیر الدین منور جماعت ہشتم ‘منہاج عابد متعلم پی یو سی ‘کوآل انڈیا امامس کونسل کی جانب سے اسکالرشپ کی بھی تقسیم کئے گئے ۔مولانا محمد عتیق الرحمن رشادی شریکِ معتمد آل انڈیا امامس کونسل ضلع بیدر نے اسقبالیہ کلمات ادا کئے اور نظامت کے فرائض بحسن خوبی انجام دئیے ۔پروگرام میں بیدر ضلع کے علماء و ائمہ موذنین کی کثیر تعداد موجود تھی ۔
انتقال پُر ملال
بیدر۔11؍ڈسمبر۔(فکروخبر/محمد امین نواز بیدر )۔اہلیہ سید شاہ سمیع اُللہ علوی مرحوم کا مورخہ11؍ڈسمبر بوقت3بجے انتقال پر ملال ہوگیا ۔مرحومہ کی نمازِ جنازہ مورخہ12 ڈسمبر بعد نماز جمعہ جامع مسجد بیدر میں ادا کی جائے گی ۔ اور تدفین احاطہ قبرستان درگاہ حضرت نظام الدین اولیا ؒ موقوعہ نوآباد روڈ بیدر میں عمل میں آئے گی ۔پسماندگان میں4فرزندان اور 2دُختران شامل ہیں ۔مرحومہ سید شاہ ظفر اُللہ علوی سجادہ نشین درگاہ حضرت نظام الدین اولیاؒ بیدر کی والدہ محترمہ تھیں۔
14ڈسمبر کو صبح نہرواسٹیڈیم بیدر میں یوگا تربیت
بیدر۔11؍ڈسمبر۔(فکروخبر/محمد امین نواز بیدر )۔بیماریاں عام ہوتی جارہی ہیں اور ایک عام آدمی پریشان ہے کہ اُس سے کس طرح چھٹکار احاصل کرے۔ گولیوں کو کھاتے رہنے کے باوجود بیماریاں پیچھا نہیں چھوڑتی ہیں ۔ بی پی شوگر، کولسٹرال ، امراض قلب، امراضِ گردہ، تھائیرائیڈ ، جوڑوں کادرد، موٹاپا ، زکام اوردیگر امراض پر ہزاروں لاکھوں روپئے خرچ کرنے کے بجائے ورزش اور یوگا کے ذریعہ مختلف بیماریوں سے چھٹکارا پایاجاسکتاہے۔ اس کے لئے بیدر میں پہلی دفعہ فزیکل فٹنس ٹرینر جناب محمد ابراھیم جیلانی اپنی اہلیہ کے ساتھ تشریف لارہے ہیں ۔ اپنی صحت سے متعلق فکرمندحضرات کے لئے 14ڈسمبر کو صبح نہرواسٹیڈیم بیدر میں 6:30بجے تا 8بجے دن ، خواتین کے لئے گرلز کیمپس میں 6:30تا8بجے دن جنرل ٹریننگ دی جائے گی خصوصیت کے ساتھ طلباء وطالبات میں جوذہنی دباؤ ہواکرتاہے اس کی بابت ورزش اور یوگا کرایاجائے گا۔ مختلف امراض جیسے بی پی ، شوگر وغیرہ کے لئے 11بجے انڈوراسٹیڈیم ، کے یوگاہال میں ورزشی مشقیں کرائی جائیں گی ۔ مریض خواتین کے لئے شاہین گرکز کیمپس میں اہتمام رہے گا۔ جناب عبدالقدیر سکریٹری شاہین ادارہ جات بیدرنے اہلیان بیدر سے استفادہ کرنے کی خواہش کی ہے۔
سلور جوبلی سال کے موقع پر سلیمان خطیب ٹرسٹ کی جانب سے پروگرام
بیدر۔11؍ڈسمبر۔(فکروخبر/محمد امین نواز بیدر )۔جناب تمکین خطیب نیو جرسی امریکہ کی اطلاع کے بموجب ملکی و بین الاقوامی سطح پر معروف سرزمینِ دکن کے مایہ ناز دکنی شاعر جناب سلیمان خطیب کی یاد میں ہر سال ادبی پروگرام کا انعقاد عمل میں آتا ہے ‘ اس سال سلور جوبلی کے موقع پر سلیمان خطیب ٹرسٹ کی جانب سے مورخہ27؍ڈسمبربروز ہفتہ بوقت شام 7بجے بمقام ایس ایم پنڈت رنگ مندر پبلک گارڈن گُلبرگہ میں مُختلف پروگرام جس میں تفویض طلائی تمغہ و نقد انعامات‘ سلیمان خطیب صاحب کی کتاب ’’آپ بھی عجیب آدمی ہیں ‘‘کی رسمِ اجراء‘ تقسیم انعامات برائے ادبی و تہذیبی مقابلہ جات‘سلیمان خطیب کے کلام پر مبنی ڈراموں کی پیشکش ہوگی۔ مورخہ 28؍ڈسمبر بروزاتوار بوقت شام7بجے بمقام ایس ایم پنڈت رنگ مندر پبلک گارڈن گُلبرگہ میں سلور جوبلی سال کے موقع پر سلیمان خطیب ٹرسٹ کی جانب سے کُل ہند مشاعرہ کا انعقاد عمل میں آئے گا۔کُل ہند مشاعرہ میں ملک کے بین الاقوامی شہرت یافتہ اُردو کے مایہ ناز شعراء وسیم بریلوی‘ ندا فاضلی‘ منور رانا‘ راحت اندوری ‘پاپولر میرٹھی‘ مہتاب عالم کے علاوہ گُلبرگہ کے شعراء محب کوثر ‘اکرم نقاش‘ یامین خطیب شرکت کرتے ہوئے منتخب کلام سنائیں گے۔جبکہ نظامت کے فرائض جناب محب کوثر انجام دیں گے۔ جناب متین خطیب اور جناب تسکین خطیب نے باذوق سامعین اور محبانِ اُردو سے شرکت کی خواہش کی ہے ۔
Share this post
