بی جے پی کی اعلیٰ قیادت نے کرناٹک کے ناراض پارٹی لیڈروں کو دہلی طلب کیا
بنگلورو 27 نومبر 2023 : بھارتیہ جنتا پارٹی کی مرکزی قیادت نے کرناٹک میں پارٹی کے کم از کم پانچ ناراض لیڈروں کو اگلے ماہ دہلی بلایا ہے۔ بی جے پی لیڈر اور سابق وزیر وی سومنا نے ہفتہ کو یہ اطلاع دی۔
مسٹر سومنا نے کہا کہ مجھے جمعہ کی رات پارٹی کی مرکزی قیادت سے ایک پیغام ملا۔ میں غالباً 7 سے 10 دسمبر کو بسن گوڑا پاٹل یتنال، اروند لمباولی، اروند بیلاڈ اور رمیش جارکی ہولی کے ساتھ دہلی جاؤں گا۔ ہم وہاں جائیں گے اور اپنے جذبات کا اظہار کریں گے۔ یہ لیڈر وجیندر یدیورپا کو بی جے پی کی ریاستی یونٹ کا سربراہ اور آر اشوک کو اپوزیشن لیڈر بنانے اور انہیں باوقار عہدہ نہ دینے پر ناراض ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کے مرکزی لیڈران کے ساتھ کھل کر ملاقات ہوگی۔ کسی کا بھی پوری طرح سے دبدبہ نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ یدی یورپا کا دبدبہ ہونے کا اشارہ دیا کیونکہ اشوک اور وجیندر ان کے قریبی اور وفادار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس تجربہ اور طاقت ہے۔ ہمارے پاس ایک وژن ہے جس کا ہم اظہار کریں گے۔ کیا ماں کو صرف بچے کے رونے پر ہی دودھ پلانا چاہیے؟ پارٹی کو آگے بڑھنا چاہیے۔
کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار سے ملاقات کے بعد یہ قیاس کیا جا رہا ہے کہ وی سومنا بی جے پی چھوڑ سکتے ہیں۔ بی جے پی لیڈر نے تاہم اس سے قبل واضح کیا تھا کہ یہ ملاقات غیر سیاسی تھی۔
Share this post
