بنگلورو 25 جولائی 2023: (فکروخبرنیوز) بی جے پی کے سینئر لیڈر بسواراج بومئی نے منگل کو الزام لگایا کہ نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمارکا سنگاپور والے بیان کا مقصد حکمراں پارٹی کے اندر پیدا ہونے والی بے اطمینانی سے عوام کی توجہ ہٹانا ہے۔
واضح رہے کہ نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوا کمار نے ایک صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے خدشہ کا اظہار کیا تھا کہ کرناٹک میں حکومت کو غیر مستحکم کرنے کے لیے بی جے پی اور جے ڈی (ایس) کے کچھ لیڈروں کی طرف سے بیرون ملک سازش رچی جارہی ہے۔ ڈی کے شیوا کمار کے اس ریمارک کے بعد سیاسی حلقوں میں ہلچل مچ گئی تھی۔
اس سلسلہ میں کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ بسوراج بومئی نے یہ واضح کیا کہ بی جے پی کا کوئی بھی لیڈر حکومت گرانے کے لیے کسی بھی سرگرمی میں شامل نہیں ہے۔
یاد رہے کہ 21 جولائی کو ایم ایل سی ہری پرساد کے ایک بیان پر تنازعہ پیدا ہوا تھا جس میں انہوں نے یہ کھا تھا کہ وہ جانتے ہیں کہ وزیر اعلیٰ کو کیسے گرانا ہے۔
Share this post
