بھٹکل 31؍جنوری2021(فکروخبرنیوز) آج بعد عصرعلماء اورعمائدین کی موجود گی میں نوائط کالونی اہم شاہراہ بالمقابل سیمکو‘بن علی ایمپوریم’کا شاندار افتتاح عمل میں آیا۔ دراصل مرحوم خلیفہ علی جو کہ بحرین خلفو کے نام سے شہر میں مشہور تھے ان کی طرف منسوب کرتے ہوئے ان کے فرزندان نے ایک نئے انداز میں تجارتی میدان میں قدم رکھتے ہوئے شہر کے لوگوں کے لیے بہترین مثال پیش کی ہے۔
بن علی کی کئی ایک خصوصیات میں یہ بھی ہے کہ یہاں ایک ہی چھت کے نیچے کئی قسم کی دکانیں آپ کو ملیں گی جہاں پر آپ کی ضرورت کی جملہ اشیاء دستیاب ہوں گی، اس کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہوگا کہ آپ کا قیمتی وقت بچ جائے گا اور آپ کو دکانوں کے چکر کانٹنے بھی نہیں پڑیں گے۔
بن علی ایموریم باہر سے جتنا خوبصورت ہے اندر سے بھی اس کی خوبصورتی دیکھنے لائق ہے۔ سلیقے سے سجائی گئی دکانیں دیکھ کر ہی آپ کا دل خوش ہوجائے گا اور آپ بنا خریدی کیے باہر نہیں آئیں گے۔ ایرکنڈیشن میں شاپنگ کرنے کا یہاں موقع آپ کو جھلستی دھوپ سے بھی بچائے گا۔
اس موقع پر منعقدہ افتتاحی تقریب میں بن علی گروپ کے ایک ذمہ دار مولانا عمیر خلیفہ ندوی نے کہا کہ بن علی گروپ کا اہم مقصد ان کے خاندان کے افراد کو تعلیمی، تجارتی، سماجی اور دیگر میدانوں میں آگے بڑھانا ہے۔ بن علی ایمپوریم کے نام سے شروع ہونے والا یہ تجارتی مرکز ان کے خاندان والوں کو کم پیسے میں تجارت کے گر سکھانے کا ایک ذریعہ ہے انہوں نے کہا کہ مستقبل میں ان شاء اللہ اس میدان میں مزید آگے بڑھنے کی کوشش کی جائے گی۔
مولانا محمد الیاس ندوی نے بن علی گروپ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہی چھت کے نیچے اک منفرد انداز میں تجارت کرنے کا طریقہ ہماری قوم کے سامنے آیا ہے انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس طرح دوسرے لوگ بھی میدان میں آئیں گے۔اسٹیج پر موجود مشہور آئس کریم ہانگیو کے مالک پردیپ پائے کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو اللہ نے تجارتی میدان میں آگے بڑھایا ہے، آپ کی بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ اب آپ اپنے شہر کے لوگوں کو آگے بڑھانے کی فکر کریں۔ آپ کا ایک کارخانہ بھٹکل میں بھی ہونا چاہیے جس میں ہندو مسلم آپس میں مل کر کام کریں۔
ہانگیو آئس کریم کے مالک جناب پردیپ پائی نے خلیفہ برادران سے سیکمو کے توسط سے اپنے والد کے تجارتی تعلقات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ تجارت کرنے کا بن علی گروپ کا جو طریقہ دیا ہے وہ بہت ہی اچھاہے جس سے چھوٹے چھوٹے تاجروں کو بہت فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کئی ایک مشورے دیتے ہوئے بن علی گروپ کو مبارکباد بھی پیش کی۔
بعد نمازِ مغرب آل انڈیا پیامِ انسانیت کے جنرل سکریٹری مولانا بلال عبدالحئی حسنی ندوی نے بھی یہاں پہنچ کر دعا فرمائی۔
موقع کی مناسبت سے مہتمم جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا مقبول احمد کوبٹے ندوی، بھٹکل سے تعلق رکھنے والے منگلورو کے مشہور تاجر جناب ایس ایم سید ارشد اور دیگر نے بھی اپنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بن علی گروپ کے ذمہ داران کو مبارکباد پیش کی۔
اس افتتاحی نشست کا آغاز یحیٰ بن نصیف خلیفہ کی تلاوت سے ہوا اور مہمانوں کا استقبال بن علی گروپ کے کنوینر مولانا سالم خلیفہ ندوی نے کیا۔ دعائیہ کلمات کے ساتھ یہ نشست اپنے اختتام کو پہنچی۔
Share this post
