آوارہ کتا بنا سڑک حادثہ کا سبب ، بائک سوار شدید زخمی ، کنداپور منتقل

بھٹکل 27؍ ستمبر 2018(فکروخبر نیوز) آوارہ کتے اب عوام کے لیے جان لیوا ثابت ہورہے ہیں۔ اہم شاہراہ سمیت دیگر سڑکوں پر بھی بیچ میں بیٹھے رہنے سے سواریوں کے لیے بھی کافی پریشانی ہورہی ہے۔ کئی دفعہ راہگیروں کے بھی پیچھے لگ جانے سے وہ وہاں سے بھاگنے ہی میں اپنی عافیت سمجھتے ہیں۔ عوام اس بات پر تشویش کا اظہار کررہے ہیں کہ شہر کے آوارہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات منظرعام پر آنے کے باوجود بھی متعلقہ محکمہ اس تعلق سے کوئی اقدامات نہیں کررہا ہے۔ شہر میں کل رات پرانے شہر سے آزاد نگر جانے کے دوران بائک کے سامنے کتا آجانے سے بائک سوار گرکر زخمی ہونے کی واردات پیش آئی ہے۔فکروخبر کے مطابق یہ واردات سرکاری بس اڈے کے بالمقال اہم شاہراہ 66 پر کل رات ساڑھے بارہ بجے پیش آئی ہے۔ زخمی نوجوان کی شناخت خواجہ عثمان چامنڈی (34) مقیم آزاد نگر کی حیثیت سے کرلی گئی ہے۔ موقع موجود لوگوں نے زخمی شخص کے گھر والوں کو اس کی اطلاع کردی جنہوں نے موقع پر پہنچ کرمریض کو فوری طور پر کنداپور اسپتال منتقل کیا ۔ بتایا جارہا ہے کہ اس کے ایک پیر پر سخت چوٹیں آئیں ہیں۔ عوام کا یہ سوال ہے کہ آوارہ کتوں سے ہونے والے اس سڑک حادثہ کا اصل ذمہ دار کون ہے؟؟

Share this post

Loading...