دلتوں اور مسلمانوں پر حملوں کی مذمت میں بیدر میں کیا گیا پرزور احتجاج

بیدر 27/ جون 2019(فکروخبر نیوز)  ملک بھر میں مسلمانوں اور دلتوں کے خلاف ہورہے حملوں کی پرزور مذمت کرتے ہوئے فور م آف سیول ایکٹوسٹش بیدر کے زیر اہتمام احتجاج کیاگیا۔ احتجاجی بنیان پہنے ہوئے تھے اور مجھے ماردو میں مسلمان ہوں وغیرہ کے نعرے لگارہے تھے۔ امبیڈکر سرکل، بھگت سنگھ سرکل سے ہوتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کے دفتر پہنچ کر احتجاجیوں نے ڈپٹی کمشنر کے توسط سے وزیر اعلیٰ اور وزیر اعظم کے نام ایک یادداشت پیش کی جس میں پارلیمانی انتخابات کے نتائج کے بعد ملک بھر میں دلتوں اور اقلیتوں کے حملوں کی پرزور مذمت کی گئی۔ چامراج نگر کے گنڈل پیٹ کے کبے کٹے دیہات میں دلت نوجوان پر حملہ کرکے جلوس نکالے جانے کی مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ 2014کے بعد سے شروع ہونے والے ان حملوں کو روکنے میں حکومت ناکام ثابت ہوچکی ہے۔ بہار کے بیگو سرائے ضلع کے تاجر قاسم کے ساتھ ساتھ گڑگاؤں اور اسی طرح حال ہی میں بھار کنڈی کے تبریز انصاری پر ماب لنچنگ حملہ ہندوستان کی شبیہہ کو داغدار کررہا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ یہ تما م حملے بی جے پی کے حامی جماعتوں نے کیا ہے جس کی ایس آئی ٹی کے ذریعہ جانچ کی جانی چاہیے۔ 
    اس موقع پر مختلف ذمہ داروں نے خطاب کرتے ہوئے مرکزی حکومت سے اپیل کی کہ جلد از جلد ان حملوں پر روک لگائی جائے۔ جس ملک میں لوگوں کو امن وسکون نصیب نہ ہو او رہر وقت لوگ خوف ودہشت کے سائے میں زندگی گذاررہے ہوں وہ ملک مہذب کیسے کہلایا جاسکتا ہے۔ معصومو ں کی زندگیوں سے کھلواڑ کرکے ان پر کیے گئے ظلم وستم کی ویڈیوز بناکر سوشیل میڈیا پر ڈالنا بہادری نہیں ہے۔ اسی لیے ان حملوں کی روک تھام کرتے ہوئے ملک میں پیار ومحبت اور آپسی بھائی چارے کا درس عام کرنا ناگزیر ہوگیا ہے۔

Share this post

Loading...