بھٹکل25؍ اگست 2022(فکروخبرنیوز) بھٹکل کی سو زندہ شخصیات کے مختصر تعارف اور خدمات پر مشتمل کتاب کا کل رات بعد عشاء آمنہ پیلس میں بھٹکل نیوز کی جانب سے منعقدہ پروگرام میں جناب یونس قاضیا صاحب کے ہاتھوں عمل میں آیا۔
اس کتاب کو منظر عام پر لانے کے لیے اپنی کوششیں صرف کرنے والے بھٹکل نیوز کے ایڈیٹر جناب عتیق الرحمن شاہ بندری نے اس کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ عموماً یہ دیکھا جاتا ہے کہ کسی بھی شخصیت کا انتقال ہونے کے بعد اس کے اوصاف منظرِ عام پر لائے جاتے ہیں ، جبکہ وہ شخصیت زندہ تھی تو اس کے اوصاف بیان کرنے کی طرف کوئی پہل نہیں ہوتی ہے۔ ہم نے کوشش کی کہ بھٹکل کی سو زندہ شخصیات کا مختصراً تعارف اور ان کی خدمات سامنے لائی جائے جنہیں دیکھ کر ہماری نئی نسل آگے بڑھے اور ترقیوں کے منازل طئے کرے۔ انہوں نے کتاب کے بارے میں مزید معلومات دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے اس میں ان سو شخصیات کا مختصراً تعارف پیش کیا ہے اور مستقبل میں ایک ضخیم کتاب کے اجراء کا بھی منصوبہ ہے۔
اسٹیج پر موجود علماء اور عمائدین نے عتیق الرحمن شاہ بندری کی اس کوشش کی سراہنا کرتے ہوئے اس بات کا اعتراف کیا کہ کتاب کا منظر عام پر لانا کوئی آسان کام نہیں ہے۔ ایک مضمون لکھنے کے بعد اس کے چھپنے تک کئی مراحل سے گذرنا پڑتا ہے اور سو شخصیات پر مواد تیار کرنا اور اس کو بہت قلیل مدت میں کتاب کی شکل میں منظرِ عام پر لانا بڑا محنت طلب کام ہے۔ اسی طرح اس بات کا بھی اظہار کیا گیا کہ زندہ شخصیات کی خدمات نئی نسل کے سامنے آنے سے انہیں ان سے ملاقات کرکے ان سے مزید معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں اور جس میدان کے وہ شہسوار ہیں اس میں آگے بڑھنے میں ان سے بڑا تعاون مل سکتا ہے۔ اس دوران انہیں یہ مشورہ دیا کہ گمنام شخصیات پر بھی پر اس طرح کی کوششیں منظرِ عام پر لائی جائیں تو بڑا کام ہوسکتا ہے۔
اپنے خیالات کا اظہار کرنے والوں میں مولانا محمد الیاس ندوی ، مولانا مقبول احمد ندوی ، جناب عنایت اللہ شاہ بندری ، جناب یونس قاضیا ، جناب عتیق الرحمن منیری ، مولانا عبدالعظیم ندوی ، مولانا محمد ایوب ندوی ، جناب قادر میراں پٹیل ، جناب عمر فاروق مصبا ، جناب سعید شنگیری ، جناب قمر سعدا ، جناب عبدالباری محتشم ، جناب محی الدین رکن الدین ، جناب عبدالقادر باشاہ رکن الدین ، مولانا زبیر مارکیٹ ، جناب سمیع اللہ برماوروغیرہ تھے۔
Share this post
