بھٹکلی جماعت المسلمین منگلورکا سالانہ جلسہ و ایم اے غنی ایوارڈ کی تقسیم

ma gani award2022

منگلورو30؍ اکتوبر2022(فکروخبرنیوز) بھٹکلی جماعت المسلمین منگلورو کی جانب سے جماعت کا سالانہ اجلاس اور محتشم عبدالغنی ایوارڈ تقسیم کا پروگرام آج بوٹ کلب منگلور میں منعقد کیا گیا جس میں مہتمم جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا مقبول احمد ندوی ، آئی این ایف کے صدر جناب عبدالمجید جوکاکو اور اینے پویا اسپتال کے ڈاکٹر جاوید نے شرکت کی۔ 
مہتمم جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا مقبول احمد ندوی نے کہا کہ بحیثتِ مسلمان ہمارا ہر کام اخلاص کے ساتھ ہونا چاہیے۔ آج منگلورجماعت کی خدمات ہمیں یاد آرہی ہے۔ جامعہ اسلامیہ کو زمین فراہم کرنے میں منگلورو جماعت ہی سے تعلق رکھنے والے جناب عبداللہ ایس ایم صاحب اور ان کے اہلِ خانہ کا بڑا اہم کردار رہا ہے۔ مولانا نے کہا کہ آج محتشم عبدالغنی ایوارڈ سے ہمارے طلبہ کو نوازا جارہا ہے لیکن نئی نسل کو ان کے بارے میں معلومات دینا بہت ضروری ہے۔ جب ان کے بارے میں نئی نسل جان لے گی تو انہیں آگے بڑھنے میں زیادہ مفید ہوگا۔ مولانا نے نوجوانوں کو ان کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ذمہ داریوں کو سمجھنے پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں سوچنا چاہیے کہ ہمارا وقت تعلیم میں زیادہ صرف ہورہا ہے اور اس کے علاوہ کاموں میں ہمارا وقت ضائع ہورہا ہے۔ اسی طرح لڑکیوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ امورِ خانہ داری پر بھی توجہ دلانے کی درخواست کی ۔ اور اس کے نہ ہونے کی وجہ سے معاشرہ میں جن حالات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ان سے بھی آگاہ کیا۔ 
آئی این ایف کے صدر جناب عبدالمجید صاحب نے کہا کہ آئی این ایف کی خدمات میں منگلورجماعت کا بڑا اہم رول رہا ہے۔ چاہے وہ جناب ارشد صاحب ہو یا پھر مولانا داؤد صاحب ، کوویڈ اور سیلاب کی صورتحال میں جس طرح انہوں نے اپنی خدمات پیش کی وہ لائقِ تحسین ہے۔ انہوں نے کالیکٹ جماعت کے زیر اہتمام انجام پانے والی مختلف سرگرمیوں کو بھی بیان کیا۔ 
ڈاکٹر جاوید جمیل صاحب نے اپنے خطاب میں کہا کہ مجھے بھٹکلی قوم میں وہ تمام چیزیں نظر آتی ہیں جو ایک قوم کو آگے بڑھنے کے لیے ضروری ہوتی ہیں۔ آج اس پروگرام میں مختلف ایوارڈ بھی تقسیم کیے جارہے ہیں۔ میں ان ایوارڈ حاصل کرنے والوں سے کہوں کہ اصل چیلنجس کا سامنا ہمیں آج سے ہوگا۔ آپ نے تعلیم کے ایک مرحلہ کی تکمیل کی اور اب کے بعد سے آپ کی اصل زندگی کی شروعات ہورہی ہے۔ 
اس موقع پر جماعت کی رپورٹ بھی پیش کی گئی جس میں جماعت کی خدمات کو تفصیلاً بیان کیا گیا۔ 
پروگرام کل چار نشستوں پر مشتمل تھا۔ پہلی نشست میں دستور کی ترمیم کو منظور دی گئی ، دوسری نشست میں سالانہ جلسہ منعقد کیا گیا ، تیسری نشست میں کھیل مقابلے ، پکوان مقابلے ٰوغیرہ منعقد کیے گئے ۔ چوتھی اور آخری نشست میں  ایم اے غنی (محتشم عبدالغنی) ایوارڈ کی تقسیم عمل میں آئی۔ واضح رہے کہ بارہویں جماعت اور ڈگری میں زیر تعلیم وہ طلبہ وطالبات جنہوں نے پچاسی فیصد سے زائد نمبرات حاصل کیے ہیں انہیں ایم اے غنی ایوارڈ سے نوازا جاتا ہے۔ ان کے علاوہ چند خصوصی انعامات بھی ہونہار طلبہ وطالبات کے مابین تقسیم کیے گئے۔

Share this post

Loading...