بھٹکلی جماعت منگلورو کا عام اجلاس، خدمتِ خلق کو اپنا نصب العین بنانے پر علماء نے دیا زور

بھٹکل06؍ دسمبر 2020(فکروخبر نیوز)  بھٹکلی جماعت المسلمین منگلور کا آج عام اجلاس بھٹکل ہاسٹل منگلور میں آج صبح سوا گیارہ بجے محمد اقبال صدیقہ کی تلاوت اورمولوی موسیٰ عمیر کاظمی ندوی کے نعت  سے شروع ہوا۔ اس اجلاس میں سالانہ کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے تعلیمی میدان میں نمایاں نمبرات حاصل کرنے والے نونہالانِ قوم کو تعلیمی ایوارڈ بنام جناب عبدالغنی ممتش  ایوارڈ سے نوازا گیا اور اگلی میعاد کے لیے اراکین انتظامیہ کا بھی انتخاب عمل میں آیا۔ 
اس موقع پر استاد تفسیر جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا انصار صاحب ندوی مدنی  نے خدمتِ خلق کے فضائل پر روشنی ڈالتے ہوئے جماعت کی کارکردگی پر اپنی خوشی کا اظہار کیا اور اس کی سراہنا کی۔ مولانا نے  الخلق عیال اللہ اور خیر الناس أنفع الناس جیسی حدیثوں کے حوالے سے کہا کہ اس کے ذریعہ سے ہم دنیا اور آخرت کی کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔ جماعت کی جانب سے جناب محتشم عبدالغنی تعلیمی ایوارڈ کی تقسیم ہمیں یہی بتاتی ہے کہ ہمیں محسنین کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے احسان مند رہنا چاہیے اور نئی نسل میں ان شخصیات کو متعارف کرتے ہوئے ان کی خوبیاں ان میں منتقل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ اس سے بڑھ کر اپنی دعاؤں میں ہمیں انہیں ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے۔نو منتخب اراکین کے سلسلہ میں مولانا نے امید ظاہر کی کہ نوجوان خون  بزرگوں کی سرپرستی میں کام کرے گا۔ 
رفیق فکروخبر مولانا مفتی عبدالنور فکردے ندوی نے حدیث کے حوالے سے  اپنی نیتوں کو خالص کرنے کی بات کرتے ہوئے کہا کہ خدمتِ خلق کے سلسلہ میں حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کی وہ حدیث کافی ہے جس میں بیان کیاگیا ہے کہ خدمتِ خلق کے لیے انہو ں نے اپنے اعتکاف کو توڑا اور جوتے پہن کر مدد کے لئے نکل پڑے۔ یہ اور اس طرح کی کئی حدیثیں ہیں جو ہمیں خدمتِ خلق پر ابھارتی ہے ہمارے لیے اسوہ اور نمونہ ہیں۔ مولانا نے اپنے خطاب میں ملک میں پیش آنے والی ارتداد کے واقعات کی مثالیں بیان کرتے ہوئے اپنی نئی نسل کے متعلق فکر مند بھی کیا اور اس کے تدارک کے طریقہ پر روشنی ڈالی۔
صدارتی خطاب میں جناب محمد ارشد محتشم صاحب اپنا درد بھرا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ جو  کچھ بھی ہوتا ہے وہ اللہ ہی کی توفیق سے ہوتا ہے،ہمیں اس پر خوش ہونا چاہیے اور اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے کہ اس نے ہمیں انسانیت کی خدمت کے لیے ذریعہ بنایا۔ انہوں نے علماء کی باتوں پر عمل کرنے کی بھی نصیحت کرتے ہوئے دین کی طرف راغب ہونے اور ہر عمل میں دین کو مقدم رکھنے پر بھی زوردیا۔ 
واضح رہے کہ مہمانوں کا تعارف اور استقبال جنرل سکریٹری محمد امتیاز دامدا نے پیش کیا، سالانہ رپورٹ جنرل سکریٹری کی جانب سے جماعت کے فعال رکن مولانا داؤد خلیفہ ندوی نے پیش کی جس میں کورونا وبا کے دوران میڈیکل کی خدمات قابلِ ذکر رہیں۔ حساب وکتاب کی پیشی جناب ایس ایم اشفاق صاحب نے کی۔ کوویڈکے ایام میں اپنی بے لوث خدمات انجام دینے والے جناب ڈی ایف غفران صاحب کو خصوصی ایوراڈ سے نوازا گیا۔ جماعتی خدمات پر جناب انصار مصبا اور جناب سعدا حسن باپا صاحب کی شال پوشی کی گئی۔ الیکشن کی کارروائی جناب محمد حسین کھروری صاحب کی قیادت میں انجام دی گئی۔ نظامت کے فرائض جناب مولانا سالم خلیفہ اور جناب آفتاب حسین کولا نے انجام دیئے۔  شکریہ کلمات مولانا سالم خلیفہ نے ادا کیے۔ مولانا انصار صاحب مدنی ندوی کی دعائیہ کلمات پر یہ اجلاس اپنے اختتام کو پہنچا۔ اس موقع پر پر تکلف ظہرانے کا بھی نظم کیا گیا تھا۔ 

 

Share this post

Loading...