بھٹکل: کمیشن کا لالچ دے کر بینک اکاؤنٹس غیرقانونی کاموں کے لیے کیے جارہے ہیں استعمال ، تازہ معاملہ میں ایک نوجوان گرفتار ، عوام میں سخت تشویش کی لہر

bhatkal, bank accounts fraud, Bangalore police,

بھٹکل22؍ دسمبر2023(فکروخبرنیوز) بینکوں کی جانب سے بار بار اپنے بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات دوسروں سے شیئر نہ کرنے کی تاکید کیے جانے کے باوجود مختلف صورتوں کا استعمال کرتے ہوئے عوام کو دھوکہ دیئے جانے کی خبریں پڑھنے کو ملتی رہتی ہیں۔

تازہ خبر بھٹکل کی ہے جہاں غیر قانونی کاموں کے لیے بینک اکاؤنٹ استعمال ہونے پر ایک نوجوان کو بنگلورو کرائم برانچ پولیس نے گرفتار کرلیا ہے جس کے بعد عوام میں سخت تشویش کی لہر دوڑ گئی۔  

خبروں کے مطابق مدینہ کالونی میں واقع ایک مکان پرسادھے کپڑوں میں قریب سات افراد پہنچے اور نوجوان کو اپنی تحویل میں لیا۔ نوجوان کو اپنے ساتھ لے جاتا دیکھ کر پڑوسیوں نے اعتراض جتایا جس پر انہوں نے اپنی شناخت ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ بنگلورو کرائم برانچ پولیس سے ہے۔ وجہ دریافت کرنے پر انہوں نے بتایا کہ نوجوان کا بینک اکاؤنٹ غیرقانونی کام کے لیے استعمال ہورہا ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ کچھ لوگ کمیشن کا لالچ دے کر لوگوں سے بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات حاصل کرتے ہیں اور وہ بینک اکاؤنٹس غیر قانونی کاموں کے لیے استعمال کیا جاتے ہیں ۔ بلیک منی کو وھائٹ بنانے اور اس طرح کے دیگر غیر قانونی کاموں کے لیے ان بینک اکاؤنٹس میں رقوم جمع کی جاتی ہے جو دو سے تین منٹ کے اندر نکالی جاتی ہے اور اکاؤنٹ ہولڈر کو دس سے پندرہ فیصد کمیشن دیا جاتا ہے۔  کمیشن کے لالچ میں بہت سے افراد اس معاملہ میں پھنسے رہنے کی خبر ہے۔

اس سلسلہ میں بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے صدر مولانا عزیز الرحمن ندوی کا ایک آڈیو وھاٹس ایپ پر وائرل ہوا جس میں انہوں نے عوام کو آن لائن فراڈ سے دور رہنے کی تاکید کی ہے اور بتایا کہ کمیشن کے نام پر لوگ اپنے بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات دوسروں کے حوالے کررہے ہیں جو کسی بھی طرح ٹھیک نہیں ہے اور لوگ بغیر حلال وحرام کی تمیز کیے بغیر اس میں ملوث ہورہے ہیں۔ بنگلورو پولیس نے بتایا کہ اس طرح کے معاملوں میں تقریباً پچاس افراد ملوث ہیں جن میں خواتین بھی ہیں۔ انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ اگر کوئی اس طرح کے معاملات میں ملوث ہیں تو آج ہی وہ معاملات ختم کریں اور کسی کے کمیشن دینے کے جھانسہ میں آکر اس پر بھروسہ نہ کریں ۔ تجارت وغیرہ کرنے سے قبل علماء سے رجوع ہوں اور مکمل تحقیقات کے بعد ہی اقدامات کریں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آج کل جو دھوکہ دہی کے معاملات سامنے آرہے ہیں اس سے آپ کا ، آپ کے خاندان اورشہرکا نام بھی بدنام ہوتا ہے ، اس طرح کی بری چیزوں میں ملوث ہونے سے مکمل احتراز ضروری ہے۔

Share this post

Loading...