بھٹکل معہد حسن البناء میں مولانا محمد اقبال ملا ندوی رحمۃ اللہ کی حیات پر مشتمل کتاب   ’’ذکرِ اقبال‘‘ کا اجراء

بھٹکل29؍اگست 2021(فکروخبرنیوز) معہد امام حسن البناء الشہید کی جانب سے سابق قاضی جماعت المسلمین بھٹکل وسابق صدر جامعہ اسلامیہ بھٹکل حضرت مولانا محمد اقبال ملاندوی رحمۃ اللہ علیہ کی حیات پر مشتمل ‘‘ ذکرِ اقبال’’ کے نام سے ایک کتاب کا اجراء آج بعدِ عصر دفتر معہد میں عمل میں آیا۔  

کتاب کی رونمائی کے بعد دار المصنفین سے نکلنے والے معارف کے ایڈیٹر مولانا عمیر صدیق صاحب ندوی نے حضرت مولانا رحمۃ اللہ علیہ سے اپنے دیرینہ تعلقات اور مولانا کی خوبیوں اور اوصاف کا تذکرہ کرتے ہوئے بھٹکل کو بلدۃ طیبہ قرار دیا۔ مولانا نے اپنے خطاب میں کہا کہ دارالمصنفین میں جب حضرت مولانا موصوف کی حاضری ہوئی تو ہمیں ایسے لگا کہ ہمارا کوئی شناسا آیا ہوا ہے، عمل وکمال کے باوجود مولانا میں پائی جانے والی سادگی کی مثالیں بہت کم دیکھنے کو ملتی ہیں۔ انہوں نے اعظم گڑھ کا اوقاتِ الصلوۃ مرتب کرکے خود لے کر حاضر ہوئے۔ مولانا کے انتقال پر میں خود بھی غم میں ڈوب گیا اور بے اختیار میری آنکھوں سے آنسو نکلے۔

مولانا نے بھٹکل اور اہلیانِ بھٹکل کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کی سرزمین میں زرخیزی ہے اور سب سے بڑھ کر بزرگوں کے تعلقات اور ان کی دعائیں وابستہ رہی ہیں جس کی وجہ سے یہاں ایک طرح کی اپنائیت پائی جاتی ہے  اور یہاں آکر روح کو تسکین ملتی ہے۔ مولانا نے مختلف علمی اور دعوتی میدانوں میں اداروں کی خدمات پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے اسے امت کے لیے ایک ذخیرہ قرار دیا ۔ خاص کر مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی ، علی پبلک اسکول ، ادارہ ادبِ اطفال اور کہکشاں کے ساتھ ساتھ معہد حسن البناء کی خدمات کا تذکرہ کیا۔ مولانا ناصر اکرمی صاحب سے اپنے تعلقات بیان کرتے ہوئے کہا کہ جب تک ان کے فون کا جواب نہیں دیا جاتا وہ چین سے نہیں بیٹھ جاتے۔ مستقل اپنی محبتوں کا ثبوت پیش کرتے ہیں اور طیبات کے لیے کچھ نہ کچھ روانہ کرنے کے لیے اصرار کرتے ہیں۔

اس موقع پر مولانا عبدالعظیم قاضیا ندوی ، مولانا فاروق صاحب قاضی ندوی ، مولانا انیس مدنی ، مولانا عبدالرقیب ندوی ، مولانا ارشاد افریکہ ندوی ، مولانا سمعان خلیفہ ندوی اور دیگر موجود تھے۔

ان حضرات نے بھی مولانا محمد اقبال ملا ندوی سے اپنے دیرینہ تعلقات کی کئی مثالیں پیش کرتے ہوئے ان کے اوصاف کو اپنانے کی نصیحتیں کیں۔

اس سے قبل ایڈیٹر انچیف فکروخبر بھٹکل مولانا سید ہاشم نظام ندوی کی کتاب ’’حیاتِ اقبالؒ نقوش وتأثرات‘‘ اورجامعہ اسلامیہ بھٹکل کے ترجمان ارمغانِ حجاز کا خصوصی نمبر بھی شائع ہوچکا ہے۔ 

پڑھئے اس سے قبل فکروخبر میں شائع رپورٹس

مولانا محمد اقبال ملاندوی کی زندگی کے مختلف گوشوں پر ایڈیٹرانچیف فکروخبر مولانا سید ہاشم نظام ندوی کی کتاب'' حیاتِ اقبالؒ نقوش وتأثرات’’ کا رسمِ اجراء

سابق صدرجامعہ وقاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا محمداقبال ملا ندوی رحمۃ اللہ علیہ کی حیات وخدمات پر ارمغانِ حجاز کا خصوصی نمبر منظر عام

بھٹکل: حضرت مولانا محمد اقبال ملا ندوی ایک عہد ساز شخصیت کے نام سے فکروخبر کی ڈاکو منٹری منظرعام پر

 

Share this post

Loading...