بھٹکل : پرچم کشائی کی مرکزی تقریب میں اسکولی بچوں کی غیرموجودگی سے رونق نہیں آئی نظر؟

بھٹکل 15؍ اگست 2021(فکروخبرنیوز) شہر میں یومِ آزادی کی تقریبات ہر سال پورے جوش وخروش کے ساتھ منائی جاتی ہے۔ سرکاری دفاتر میں اس کا اہتمام ہوتا ہی ہے لیکن اسکولوں میں مختلف قسم کے پروگراموں سے اس تقریب کا حسن دوبالاہوجاتا ہے۔

امسال کورونا کی وجہ سے شہر کے کسی بھی اسکول کی تقریبات میں بچے نظر نہیں آئے جس سے تقریبات میں رونق نظر نہیں آئی۔ اسکولوں میں صرف اساتذہ اور ذمہ داران نے پرچم کشائی تقریب میں حصہ لیا۔

تعلقہ اسٹیڈیم (وائی ایم ایس اے گراؤنڈ) میں مرکزی تقریب ہر سال منعقد کی جاتی ہے۔ اس سے قبل یہ ساگر روڈ پر واقع پولیس گراؤنڈ میں منعقد ہوتی تھی لیکن جب سے تعلقہ اسٹیڈیم قائم ہوا ہے یہ تقریب نوائط کالونی کے اسی اسٹیڈم میں منعقد کی جاتی ہے۔ اس تقریب میں شہر کے مشہور اسکولوں کی جانب سے پریڈ میں حصہ لیتے ہوئے اپنے اسکول کی نمائندگی کی جاتی ہے۔ پولیس ، این سی سی اور بچے مارچ میں حصہ لیتے ہیں ، یہ منظر قابلِ دید ہوتا ہے ۔ مختلف علاقوں کے لوگ اس منظر کو دیکھنےکے لیے اہتمام سے آتے ہیں لیکن امسال کورونا کی وجہ سے اس طرح کا منظر دیکھنے کے لیے آنکھیں ترس گئیں۔ لوگوں نے افسوس کا بھی اظہار کیا اور اس بات کا تذکرہ کیا کہ کورونا کی وجہ سے صرف افسوس ہی کیا جاسکتا ہے اور کچھ نہیں۔

Share this post

Loading...