بھٹکل وھاٹس اپ گروپ ایڈمن اسوسی ایشن کی خدمات دیکھنے کے لیے لوگ کریں گے بھٹکل کا سفر: وھاٹس اپ گروپ ایڈمن کے کوئز مسابقہ کی انعامی نشست میں مولانا محمد الیاس ندوی نے کا اظہارِ خیال

بھٹکل 02؍ ستمبر 2021(فکروخبرنیوز) بھٹکل وھاٹس اپ گروپ ایڈمن اسوسی ایشن کی جانب سے رمضان المبارک میں نافذ لاک ڈاؤن سے فائدہ اٹھانے کی غرض سے منعقدہ کوئز مسابقہ کی انعامی نشست تنظیم ہال میں آج ساڑھے پانچ بجے مولانا عزیز الرحمن رکن الدین ندوی کی صدارت میں منعقد کی گئی۔ جلسہ میں بطورِ مہمانانِ خصوصی بانی وجنرل سکریٹری مولانا محمد الیاس صاحب ندوی اور صدر تنظیم جناب ایس ایم سید پرویز صاحب نے شرکت کی ۔ ان کے ساتھ ساتھ جناب عنایت اللہ شاہ بندری نے بھی شرکت کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

جلسہ میں اول ، دوم اور سوم آنے والوں کے ساتھ ساتھ امتیازی نمبرات سے کامیابی حاصل کرنے والوں کو بھی اسناد اور انعامات سے نوازا گیا۔

یاد رہے کہ یہ مسابقہ گیرسپا تا گنگولی کے علاقوں کے درمیان منعقد کیا گیا تھا جس میں تقریباً 600 افراد نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد الیاس ندوی نے وھاٹس اپ ایڈمن گروپ کی خدمات کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید میں دشمنوں کا مقابلہ انہیں ذرائع سے کرنے کی نصیحت کی گئی جن کا وہ استعمال کرتے ہیں۔ لہذا جو لوگ دوسروں کو بدنام کرنے کے لیے سوشیل میڈیا کا استعمال کرتے ہیں انہیں اس کام سے باز رکھنے کے لیے کوششیں کرنا بڑا ثواب رکھتا ہے۔ گویا انہیں گناہوں سے اور دوسروں پر سب وشتم سے روکا جارہا ہے۔ مولانا نے سوشیل میڈیا استعمال کرنے والوں پر نظر رکھنے اور بلا سوچے سمجھے ویڈیوز کو لائک کرنے اور بغیر کسی دلیل کے پوسٹ شیئرکرنے سے بچنے کی تاکید کرتے ہوئے نوجوانوں کو بھی اس سے باز رکھنے کےلیے کوششیں کرنے پر زور دیا اور یہ کام نہ کرنے کی صورت میں اس سے ہونے والے نقصانات سے بھی آگاہ کیا۔ مولانا نے میڈیا کے احباب سے درخواست کی کہ خبروں میں سنسنی پیدا کرنے کے لیے اداروں کے اندرونی مسائل کو عوام کے سانے نہ لایا جائے۔ اسی طرح خواتین کے فوٹوز کا استعمال کرتے ہوئے انہیں بدنام کرنے کی کوششوں پر روک لگائی جائے۔ بھٹکل میں جس طرح بہت سے لوگوں نے یہاں کی منفرد چیزوں کو دیکھنے کے لیے سفر کیا ہے تو بھٹکل وھاٹس ایپ گروپ ایڈمن کی خدمات دیکھنے کے لیے بھی لوگ سفر کریں گے ۔

صدر تنظیم جناب ایس ایم پرویز صاحب نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سو شیل میڈیا ایک مضبوط پلیٹ فارم ہے جس کا صحیح استعمال کرنا نہایت ضروری ہے۔ کئی مرتبہ سوشیل میڈیا میں شرارت کرنے والوں کو روکا گیا ہے اور بھٹکل وھاٹس اپ ایڈمن اس میدان میں اپنی خدمات انجام دے رہا ہے۔

جناب عنایت اللہ شاہ بندری نے بھی اپنا بھرپور تعاون پیش کرنے اور اس میدان میں آگے بڑھنے کی نصیحت کرتے ہوئے بھٹکل کے مضافاتی علاقوں کے گروپ ایڈمن کو بھی شامل کرائے جانے کی رائے پیش کی۔

مولانا عزیز الرحمن رکن الدین ندوی نے کہا کہ بھٹکل کی کئی ایک خصوصیات میں ایک خصوصیت یہ ہے کہ یہاں بھٹکل وھاٹس اپ گروپ ایڈمن کے نام سے ایسا ادارہ قائم ہے جو کہیں نہیں ہے۔ کئی ایک واقعات کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کئی دفعہ ہم نے غلط پیغامات ارسال کرنے والوں کا پتہ لگاکر ان کے محلہ کے ذمہ داران کے سامنے اسے بے نقاب کیا ہےاور یہ کوششیں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی۔

وھاٹس اپ گروپ ایڈمن کے کنوینر جناب سالم شاہ بندری نے مہمانوں کا تعارف اور استقبال کیا تو وہیں نائب کنوینر جناب عبدالباسط ائیکیری نے ادارہ کی اب تک کی کارکردگی پیش کی۔ انہوں نے اس کو قائم کرنے کا بنیادی مقصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ لاک ڈاؤن میں عام طور پردیکھا جارہا تھا کہ اداروں کے ذمہ داران کو نشانہ بناتے ہوئے ان پر تنقیدیں کی جارہی ہیں اور بے بنیاد پیغامات بھیج کر لوگوں کے ذہنوں کو بھی خراب کیا جارہا ہے۔ اس لیے سوچا گا کہ گروپ ایڈمنز پر مشتمل ایک ایسا ادارہ ہونا چاہیے جو اس طرح کے پیغامات ارسال کرنے والوں پر نظر رکھیں اور انہیں اس کام سے روکنے کی کوشش کریں۔ ایک سال قبل قائم اس ادارہ کے تحت ابھی بہت سے کام ہونے باقی ہیں جنہیں مستقبل میں روبہ عمل لانے کی کوشش کی جائے گی۔

کوئز مسابقہ کے کنوینر مولانا انعام الحق ملپا ندوی نے مسابقہ کی تفصیلات بیان کیں۔ مولانا مزمل ہلارے ندوی  نے تلاوت کی اور نعت مولانا تعظیم قاضی ندوی نے پیش کی۔ جلسہ کی نظامت اور شکریہ کے فرائض مولانا عتیق الرحمن ڈانگی ندوی نے بحسن وخوبی انجام دئیے۔ مولانا ارشاد افریکہ ندوی کی دعا پر یہ جلسہ مغرب سے قبل اپنے اختتام کو پہنچا۔

Share this post

Loading...