بارش سے متأثرہ علاقوں میں حکومت کی جانب سے اب تک نہیں دیا گیا معاوضہ ، ویلفیر پارٹی آف انڈیا نے مسائل حل نہ ہونے پر سخت احتجاج کا دیا انتباہ

بھٹکل 09؍ اگست 2021(فکروخبرنیوز) ضلع اترکنڑا میں بارش سے متأثرہ علاقوں کی حالت بہت خستہ ہوچکی ہے۔ نقصانات کی بھرپائی نہ ہونے اور متأثرہ افراد کو حکومت کی جانب سے معاوضہ نہ ملنے کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

آج ویلفیر پارٹی شاخ بھٹکل کی جانب سے پریس کانفرنس کے ذریعہ متأثرہ افراد کو سرکاری معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا گیا۔ اس دوران یہ بات بتائی گئی ہے کہ متأثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد  پتہ چلا کہ اب تک  حکومت کی جانب سے معاوضہ نہیں دیا گیا ہے۔ بڑے بڑے سیاسی لیڈران بلکہ خود سی ایم نے بھی ان متأثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ ہمارے مشاہدہ میں یہ بات آئی ہے کہ ان علاقوں میں گھر ٹوٹے ہوئے ہیں اور لوگوں کے لیے بنیادی سہولیات مہیا نہیں ہیں۔

انہوں نے سال 2019 اور 2020 میں آئے سیلاب سے ہوئے نقصانات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ سال 2019 میں 38458 کروڑ روپئے کا نقصان ہوا تھا اور مرکزی حکومت نے صرف 1896 کروڑ روپئے جاری کیے تھے۔ سال 2020 میں آئے سیلاب سے 15410 کروڑکا نقصان ہوا تھا اور مرکزی حکومت نے   1206 کروڑ جاری کیے تھے۔ ریاست میں بھی بی جے پی اور مرکز میں بھی بی جے پی حکومت ہے لیکن اس کے باوجود ہمارے ساتھ سوتیلا سلوک کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ڈپٹی کمشنر سے ملاقات کرکے بھی اس مسئلہ کو اٹھائیں گے۔ اگر حکومت نے معاوضہ فراہم نہیں کیا توویلفیر پارٹی مقامی لوگوں کے ساتھ شدید احتجاج کرے گی۔

Share this post

Loading...