بھٹکل 29؍ مئی 2022(فکروخبرنیوز) ایک کنڑا ٹی وی چینل کے ایڈیٹر کی جانب سے بھٹکل والوں کے بارے میں اشتعال انگیز تبصرہ کرنے کے بعد اس کے خلاف کارروائی کی مانگ کرتے ہوئے ایس ڈی پی آئی کے ضلعی جنرل سکریٹری وسیم منیگار نے بھٹکل پولیس تھانہ میں تحریری شکایت کی ہے۔
کنڑا ٹی وی چینل کے ایڈیٹر نے اپنے تبصرہ میں سخت الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھٹکل والوں کے پاس اے کے 47 گن ہیں۔
وسیم منیگار نے ثبوت کے طور پر ٹی وی ڈیبیٹ کی سی ڈی بھی بطورِ ثبوت پیش کی اور بتایا ہے کہ اس تبصرہ کی وجہ سے بھٹکل والوں کی ہتک ہوئی ہے ، انہوں نے ایڈیٹر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کے خلاف دوسرے طبقات کے لوگوں کے ذہنوں میں شکوک وشبہات پیدا ہوں اور اس سے امن وامان کے لیے خطرہ پیدا ہوسکتا ہے۔
واضح رہے کہ ضلع کورگ کے ایک اسکول میں بجرنگ دل کی جانب سے طلبہ کے درمیان ترشول تقسیم کرنے اور بندوق چلانے کی تربیت دینے والے تنازعہ پر ایک ڈیبیٹ کے دوران بھٹکل والوں کے خلاف یہ اشتعال انگیز تبصرہ کیا تھا۔
Share this post
