بھٹکل کے عمیر رکن الدین کو محکمۂ جنگلات کے افسران کی جانب سے مبینہ طور پر زدوکوب کیے جانے کے معاملہ نے پکڑا طول

 

مجرم افسران اور خاطی میڈیکل افسران کے خلاف سخت کارروائی کا ایس ڈی پی آئی نے کیا مطالبہ ، ڈپٹی کمشنر کے نام پیش کی یادداشت 

بھٹکل 28؍ مارچ 2019(فکروخبر نیوز) شہر کے حنیف آباد سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان کو مبینہ طو رپر محکمۂ جنگلات کے اہلکاروں کی جانب سے بری طرح زدوکوب کیے جانے کے معاملہ میں مجرموں کو کیفرِ کردار پہنچانے اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی مانگ کرتے ہوئے ایس ڈی پی آئی بھٹکل یونٹ نے ڈپٹی کمشنر کے نام ایک یادداشت پیش کی ہے۔ یاد رہے کہ حنیف آباد بھٹکل سے تعلق رکھنے والے نوجوان محمد عمیر رکن الدین کو محکمۂ جنگلات کے اہلکاروں نے مبینہ طور پر زدوکوب کیا تھا جس کے بعد اسے منگلورو میں داخل کیا گیا تھا۔ یادداشت میں اس بات پر زور دیا گیاکہ زدوکوب کرنے کے بعد اس کے جسم پر نشانات پڑگئے تھے ، ایسے میں میڈیکل افسر کی جانب سے اسے فٹ قرار دیا جانا سنگین غلطی ہے جس سے صاف ظاہر ہورہا ہے کہ جرم چھپانے کے لیے میڈیکل افسر نے بھی اپنا تعاون دیا ہے۔ انہوں نے ایسے میڈیکل افسران کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی بھی مانگ کی ہے ۔ واضح رہے کہ عمیر رکن الدین نے منگلور و میں علاج کرنے کے بعد 24مارچ کو منکی پولیس تھانہ میں ملزم افسران کے خلاف معاملہ درج کرتے ہوئے خلاصہ کیا تھا کہ اسے دھمکیاں دینے کے لیے بندوق کا بھی استعمال کیا گیا تھا اور کرسی سے باندھ کر اسے اس قدر زدوکوب کیا گیا تھا کہ اس کی حالت ناقابلِ یقین ہوگئی تھی۔ اس حالت کو دیکھتے ہوئے کاروار جیل میں بھی اسے بھرتی کرنے میں متعلقہ افسران پس وپیش کررہے تھے اور حالت کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے کاروار ضلعی اسپتال میں اسے بھرتی کیا گیا جہاں ابتدائی علاج ومعالجہ کے بعد منگلور منتقل کیا گیا تھا۔ یاددداشت پیش کرنے کے موقع پر توفیق بیاری ، ظہیر احمد شیخ اور دیگر ممبران موجود تھے۔

Share this post

Loading...