بھٹکل: غیر منظّم یوجی ڈی کام کی وجہ سے سڑکوں کا حال ناقابلِ بیان : ایس ڈی پی آئی نے دیا دھرنا ، فوری اقدامات کی مانگ  کی

bhatkal, ugd work , sdpi

بھٹکل 05؍ ستمبر2022(فکروخبرنیوز) شہر کے مختلف علاقوں میں یوجی ڈی کے غیر منظم کام اور اس کام کے لیے کھدائی کی گئی سڑکیں اب تک درست نہ کرنے کی وجہ سے عوام کو ہورہی پریشانیوں کا تذکرہ کرنے اور جلد از جلد اس کام کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کی غرض سے ایس ڈی پی آئی بھٹکل یونٹ کی جانب سے موسیٰ نگر کراس پر دھرنا دیا گیا۔ انہوں نے واٹر بورڈ سمیت متعلقہ محکموں کے خلاف سخت نعرہ بازی کی اور جلد از جلد کام مکمل کرنے کی مانگ کی۔

اس موقع پر توفیق بیری نے بتایا کہ بھٹکل کے مختلف علاقوں میں خستہ حال سڑکیں ہیں جس کی وجہ سے عوام خصوصاً معذور اور حاملہ خواتین کے لیے سخت تکالیف کا سامنا ہے۔ یوجی ڈی کا کام منظم نہ ہونے سے عوام سخت پریشان ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے باربارمتعلقہ محکموں کے ذمہ داران کی توجہ اس طرف مبذول کرانے کی کوشش کی لیکن اس کا کوئی فائدہ ہمیں نظر نہیں آرہا ہے۔یہاں تک کہ ہم واٹر بورڈ انجینئرنگ سے بھی ملے اس کے باوجود حالات ویسے ہی ہیں۔

احتجاجیوں نے موقع پر تحصیلدار کے پہنچنے کی مانگ کی جس کو دیکھتے ہوئے تحصیلدار نے موقع پر پہنچ کر احتجاجیوں کی بات سنی اور اسی وقت معتلقہ محکموں کے ذمہ داران سے بات بھی کی اور جلد اس مسئلہ کو حل کرنے کا تیقّن دلایا۔

موسیٰ نگر کی عوام کا بھی ماننا ہے کہ یوجی ڈی کام کی وجہ سے کوئی بھی رکشہ یہاں سے گذرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔ سوپر مارکیٹ سے موسیٰ نگر جانے کا کرایہ چالیس یا پچاس روپئے ہوتا ہے لیکن خستہ سڑکوں کی وجہ سے رکشہ جالی روڈ سے موسیٰ نگر پہنچ رہے ہیں ، اب جو عوام کا مالی نقصان  ہورہا ہے اس کی بھرپائی کس کی ذمہ داری ہے۔ عوام نے افسران پر یہ بھی الزام عائد کیا کہ کچھ مدت تک ایک جگہ کام کام کیا اور پھروہاں چھوڑ کر دوسری جگہ چلے گئے، اس طرح غیر منظم کام کی وجہ سے عوام کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔  

Share this post

Loading...