بھٹکل یکم اکتوبر 2023(فکرو خبر نیوز) اکتوبر کی چھٹیوں میں عمرہ کے سفر پر روانہ ہونے والے زائرین کے لیے بھٹکل ٹراویل ہاؤس کی جانب سے ایک تربیتی کیمپ بروز جمعہ بعد عصر معہد حسن البناء میں منعقد کیا گیا۔
کیمپ میں بھٹکل ٹراویل ہاؤس کے ذمہ دار مولانا سمعان خلیفہ ندوی نے کہا کہ آپ حضرات بڑے خوش نصیب ہیں کہ اللہ تعالیٰ آپ کو عمرہ کی سعادت سے نواز رہا ہے۔ اس مقدس سفر پر جانے کے کچھ آداب ہیں جن کی رعایت کرنے پڑتی ہے ۔ اسی طرح عمرہ کے مکمل آداب ، اس کے شرائط اور ارکان سے واقفیت بھی ضروری ہوتی ہے۔
اسی مقصد کے تحت آج کا یہ پروگرام منعقد کیا جارہا ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مولانا خواجہ معین الدین ندوی مدنی نے کہا کہ عمرہ عمر بھر میں اس شخص پر فرض ہے جسے وہاں جانے کی استطاعت ہو۔ آپ کو اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہیے جس نے اس سفر کی سعادت آپ کو میسر آرہی ہے۔ مولانا نے تفصیل کے ساتھ عمرہ کے شرائط اور آداب کی تفصیلات بیان کی اور اس بات پر زور دیا کہ وہاں جانے کے بعد اپنے اوقات کو عبادات میں صرف کریں۔ اس مقدس سرزمین پر اللہ تعالیٰ جب ہم کو پہنچا رہا ہے تو ہمیں زیادہ سے زیادہ عبادت میں اپنے آپ کو تھکا دینا چاہیے۔ مولانا موصوف نے زیارت مدینہ کی بھی تفصیلات بیان کی اور کہا کہ اس مقدس سرزمین پر کوئی گناہ نہ ہونے پائے۔
مولانا نے مزید کہا کہ سفر سے واپسی کے بعد اپنے زندگیوں میں تبدیلی لائیں اور اللہ کے احکامات پر مکمل طور پر کاربند ہوجائیں تاکہ دنیا و آخرت کی فلاح کو ہم پہنچیں۔
دعائیہ کلمات کے بعد یہ نشست اپنے اختتام کو پہنچی۔
Share this post
