بھٹکل : بازار میں اب متعینہ جگہ کے علاوہ پارکنگ کرنے پر پولیس لگارہی ہے اب ٹائر لاک سسٹم

بھٹکل : یکم ستمبر 2018(فکروخبر نیوز) شہر میں پارکنگ کا مسئلہ سب سے اہم مسئلہ بنتا جارہا ہے۔ خصوصاً پرانے شہر میں واقع بازار میں ٹرافک قوانین توڑنے کی وجہ سے پولیس اہلکاروں کے ساتھ ساتھ عوام کے لیے یہ مسئلہ پریشانی کا باعث بن گیا ہے ۔ اسی کو دیکھتے ہوئے پولیس نے اب ٹرافک قوانین کے تعلق سے بڑی سختی برتی ہے۔ پولیس نے اب دن کے حساب سے پارکنگ کو دائیں اور بائیں جانب تقسیم کردیا ہے۔اس کے باوجود بھی عوام میں اس تعلق سے بیداری پیدا نہیں ہورہی ہے ، پولیس نے عوام کی جانب سے بے توجہی کو دیکھتے ہوئے اس میں مزید سختی پیدا کردی ہے۔ اب متعینہ پارکنگ کی جگہ کے علاوہ پارکنگ کرنے پر ٹائر لاک سسٹم آزمایا جارہا ہے۔متعینہ جگہ کے علاوہ پارکنگ کرنے پر اب ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکار بائک اور کاروں کو ٹائر لاک سسٹم کردیں گے جس کے بعد گاڑی وہاں سے نکالنا ناممکن ہوجائے گا۔سرکل انسپکٹر گنیش نے فکروخبر سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ متعینہ جگہ کے علاوہ اسکوٹر یا کار کھڑی کرنے پر روک لگانے کے لیے یہ سسٹم جاری کیا گیا ہے۔ ٹائر لاک لگنے کے بعد سو روپئے بطور جرمانہ وصول کیے جائیں گے ۔ اس کے ساتھ کار اور بائک کے دستاویزات بھی چیک کیے جائیں گے ۔ بغیر لائسنس کے گاڑی چلانے پر 300روپئے ، انشورنس نہ ہو تو 500اور دھویں کا سرٹیفکٹ (ایمیشن ٹیسٹ سرٹیفکٹ ) نہ ہونے پر 100روپئے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ فکروخبر نے اس تعلق سے جب عوام کی رائے جاننی چاہی تو انہوں نے پولیس کے اس اقدام کی کافی سراہنا کی ، ان کا کہنا تھا کہ پولیس کی جانب سے سختی برتنے کے بعد عوام میں ٹرافک کے تعلق سے بیداری پیدا ہوسکتی ہے۔ عموماً یہ دیکھا جاتا ہے کہ پولیس کی غیر موجودگی کا فائدہ اٹھاکر اکثر لوگ متعینہ جگہ کے علاوہ پارکنگ کیا کرتے تھے جس کی وجہ سے دیگر سواریوں کے لیے بھی پریشانیوں کا سامنا کرناپڑتا تھا ۔ ساتھ ہی ساتھ دکاندانوں کو بھی پریشانی ہورہی تھی۔ اب پولیس کی جانب سے یہ سسٹم لاگو کیے جانے کے بعد خصوصاً دکانداروں نے راحت کی سانس لی ہے۔

Share this post

Loading...