بھٹکل 08؍ جولائی 2021(فکروخبرنیوز) تینگن گنڈی بندرگاہ لوٹنے کے دوران پانچ چھوٹی کشتیاں ڈوبنے سے اس پر موجود پانچ لوگوں کو بحفاظت ساحل پر پہنچایا گیا ہے۔ یہ واقعہ آج شام قریب سوا چھ بجے پیش آیا۔
ایک عینی شاہد نے فکروخبر کو بتایا کہ آج شام اچانک تیز ہوا شروع ہونے سے چھوٹی کشتیوں کے لیے بڑی پریشانیاں پیدا ہوگئیں ۔ چونکہ یہ کشتیاں بغیر مشین کے مدد کے چلائی جاتی ہیں اس لیے تیز ہوا کے شروع ہوتے ہی انہوں نے جلد ازجلد بندرگاہ کی طرف لوٹنے ہی میں اپنی عافیت سمجھی۔ اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے وہ بندرگاہ کی طرف لوٹنے لگے۔ اس دوران سمندر اور ندی کے سنگم پر پہنچتے ہی کشتیاں ہچکولے کھانے لگی اور قریب پانچ کشتیاں الٹ گئیں جس کی وجہ سے اس پر موجود افراد بھی گرگئے۔ انہوں نے بتایا کہ گہرائی کم ہونے کی وجہ سے تھوڑی ہی دیر میں انہوں نے اپنے آپ کو سنبھالا اور ان چھوٹی کشتیوں کو پکڑ کر مدد کا انتظار کرنے لگے۔ ہوا تیز ہونے کی وجہ سے ساحل سے مشین کی مدد سے چلنے والی کشتی کا ان تک پہنچنا بھی محال ہوگیا۔ بڑی کوششوں کے بعد ان ماہی گیروں کو بحفاظت ساحل تک پہنچایا گیا ان کی شناخت شبیر، الیاس ، سلیمان ، اشرف ، سلیم کی حیثیت سے کرلی گئی ہے۔
سوشیل میڈیا پر اس واقعہ کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد صارفین اس بات کو شدت سے محسوس کررہے ہیں کہ ماہی گیرلائف جیکٹ کا استعمال کریں تو ڈوبنے کے خطرات کم ہوجاتے ہیں۔ وہ اپنی ضروریات کے لیے جہاں بہت سے پیسے خرچ کرتے ہیں وہیں وہ اپنی جان کی حفاظت کے لیے لائف جیکٹ کا استعمال کریں تاکہ اس طرح کے مواقع پر انہیں پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
Share this post
